لاہور۔17فروری (اے پی پی):ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ شہریوں کی جان ومال کا تحفظ اولین ترجیحات میں شامل ہیں، شہر میں امن و امان کی فضا برقراررکھنے کیلئے لاہور پولیس تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے، موثر پٹرولنگ،ناکہ بندی اور سرچ آپریشنز کے ذریعے اہم کامیابیاں حاصل ہوئیں۔تفصیلات کے مطابق شادباغ پولیس نے یکے بعد دیگرے وارداتیں کرنے والاتین رکنی گروہ گرفتار کر لیا،گرفتار ملزمان میں عثمان،غلام مصطفی اور حماد شامل ہیں۔
ملزمان کے قبضہ سے 2موٹر سائیکلیں اور غیر قانونی اسلحہ برآمدکیا گیا۔ملزمان دوران واردات شہری کوگرا کر نقد رقم اور موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو گئے تھے۔ اسی طرح مغلپورہ پولیس نے دو رکنی ریکارڈ یافتہ متحرک ڈکیت گینگ سرغنہ سمیت گرفتار کر لیا۔ گرفتارملزمان میں سرغنہ دانیال اور علی شامل ہیں۔ ملزمان نے چند روز قبل تھانہ مغل پورا کی حدود سے تین بکرے چوری کیے تھے۔
ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے حوالے انویسٹی گیشن ونگ کر دیا گیا۔ شادمان پولیس نے 15کال پر فوری رسپانس کرتے ہوئے گھریلو ملازمہ سے زیادتی کرنیوالے ملزم کوگرفتار کر لیا۔ ملزم طاہر کی بیوی نجی کام کے باعث باہر گئی تو اس نے ملازمہ ارم بی بی کو فون کرکے گھر کام کرنے کیلئے بلایا۔ ملازمہ کے گھر پہنچنے پر ملزم نے زیادتی کا نشانہ بنایا کسی کو بتانے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔ پولیس نے ملزم طاہر کیخلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔اسی طرح کینٹ ڈویژن پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران 12پتنگ باز گرفتارکر لیئے۔ملزمان کو مناواں، باغبانپورہ، ہئیر، فیکٹری ایریا، نارتھ کینٹ اور ڈیفنس اے کے علاقوں سے گرفتارکیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں حمزہ، عمران، شہزاد، سرفراز، سفیان وغیرہ شامل تھے۔
ملزمان کے قبضہ سے پتنگیں اور ڈور برآمدکی گئیں۔ ایئر گن کے ساتھ مذاق کرنا شہری کو مہنگا پڑ گیا۔ نشتر کالونی پولیس نے 2 سالہ بچے کے سر میں چھرلا مارنیوالے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ بچے عیسی کی والدہ گلی میں جا رہی تھی، ملزم نے اپنی ایئر گن سے بچے کو ڈرانے کی غرض سے فائر کیا۔ گن کا چھرلا بچے کے سر میں لگا جس کے باعث بچہ بے ہوش ہو گیاجسے فوری ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ملزم یاسر سے چھرلابندوق برآمدکر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔
سمن آباد پولیس نے گن پوائنٹ پر سنگین وارداتیں کرنے والا خطرناک مفرور ملزم گرفتار کر لیا۔ مفرور ملزم شیر محمد خان انتہائی شاطر اور خطرناک ہائی ٹرینڈ مفرور اشتہاری تھا۔ ملزم کے خلا ف تھانہ ہربنس پورہ میں مقدمہ نمبر 394درج تھا۔ مفرور ملزم شیر محمد خان ایک واردات میں شہری کو مضروب کر کے افغانستان فرار ہو گیا تھا۔ ملزم شیر محمد خان کو افغانستان سے واپس آتے ہی فوری گرفتار کر لیا گیا۔مجاہد سکواڈنے ناکہ سگیاں پر لاکھوں روپے مالیت کی چرس کی بھاری کھیپ برآمدکر لی۔
ناکہ پرموجود جوانوں نے مشکوک رکشہ سے دوران چیکنگ 61کلو500گرام چرس برآمدکر لی۔ گرفتار ملزم سفیان بیگم کوٹ سے لوڈر رکشہ میں منشیات لیکر آرہا تھا۔ چوکی پنجاب سوسائٹی پولیس نے خفیہ اطلاع پر دوران چیکنگ 15مقدمات میں ریکارڈ یافتہ منشیات فروش ظہیر احمد کو گرفتارکر لیا۔ منشیات فروش سے ڈیڑھ کلو سے زائد چرس برآمدکی گئی۔ ملزم نے لاہور کے مختلف علاقوں میں نو جوان نسل کو منشیات بیچنے کا اعتراف کیا۔ اسی طرح چوکی میو ہسپتال پولیس نے غیر قانونی اسلحہ اور شیشہ فلیور رکھنے پردو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ملزم عمر کو دوران سرچ آپریشن غیر قانونی اسلحہ سمیت گرفتار کیاگیا جبکہ ملزم شکیل کے قبضہ سے بھاری مقدار میں ممنوع شیشہ فلیور برآمد کئے گئے۔ ڈولفن و پی آریونے گزشتہ ہفتے کے دوران ڈکیتی و چوری کی وارداتوں میں ملوث 21ملزمان گرفتار کر لیئے۔
ملزمان کے قبضہ سے 4موٹر سائیکل، 2موبائل فون، 7پستول،1رائفل، گولیاں و میگزینز برآمدکئے جبکہ منشیات فروشوں کے قبضہ سے شراب، 420گرام آئس اور چرس برآمدکی گئی۔ دورانِ پٹرولنگ 26اشتہاری سمیت 123عادی مجرمان، 16عدالتی مفروران بھی گرفتار کئے اورون ویلنگ میں ملوث 20جبکہ پتنگ بازی و آتش بازی میں ملوث 3ملزمان گرفتارکئے گئے۔