کراچی۔ 01 جنوری (اے پی پی):میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ شہر میں تجاوزات کے خلاف بھرپور مہم چلائی جا رہی ہے جن علاقوں پر ماضی میں تجاوزات قائم کی گئیں انہیں ختم کریں گے،حق دار کو اس کا حق دینا پیپلز پارٹی کا وژن ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کے روز بلدیہ ٹائون سیکٹر 13 کے متاثرین کو متبادل پلاٹس کے کاغذات دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، میئر کراچی کے نمائندہ برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی، سٹی کونسل میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان، ڈائریکٹر لینڈ صباح الاسلام اور مقامی رہنما بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ سفاری پارک کی رونقوں کو زیپ لائن بنا کر بحال کیا اب کڈنی ہل اور باغ ابن قاسم میں زیپ لائن اور شپ اونرز کالج کے پیچھے 25 ایکڑ رقبے پر پارک بنائیں گے،لوگوں کی ملکیت پر ان کا حق ان کو ملے گا اور بھی کسی کے مسائل ہوئے تو ہم حل کرکے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ بلدیہ ٹائون سیکٹر13 میں تجاوزات کے متاثرین 166الاٹیز کو متبادل رہائشی پلاٹس دے رہے ہیں،
ان الاٹیز کو 1992-93 میں یہ پلاٹس الاٹ کئے گئے تھے، دوسرے مرحلے میں مزید الاٹیز کو متبادل پلاٹس دیئے جائیں گے، بہتری کا سفر جاری رہے گا آپ کے مسائل حل کرکے رہیں گے۔ میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ ٹائون سیکٹر 13 میں قبضہ ہونے والے 400 سے زائد پلاٹوں کے مالکان کو آج پہلے مرحلے میں 80گز کے 166 پلاٹس دیئے گئے ہیں، کے ایم سی کے محکمہ لینڈ نے متاثرین کو متبادل زمینیں الاٹ کی ہیں۔