ملتان ۔ 17 فروری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے کہا ہے کہ شہر اولیاء کو تجاوزات سے پاک کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے مکمل عزم کررکھا ہے۔ اس سلسلے میں شہر کی خوبصورتی میں اضافے کیلئے بھی عملی اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ ضلعی محکموں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے بازاروں اور چوکوں کی بیوٹیفکیشن شروع کرنے کی ہدایت کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابو بکر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس مبشرالرحمن بھی اجلاس میں موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے کہا کہ مختلف چوکوں پر شجرکاری اور گرین بیلٹس بنائی جائیں گی۔ جبکہ گنجان آباد بازاروں میں تجاوزات آپریشن بلاتعطل جاری رکھا جائے گا۔
محمد علی بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر گڈ گورننس پالیسی نافذ کی گئی ہے جبکہ ضلعی محکموں کی جانب سے بیوٹیفکیشن ،شجرکاری اور انفراسٹرکچر بہتری کیلئے تجاویز پر غور جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام محکموں کو عوامی مفاد میں اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ عوامی مفاد میں تجاوزات آپریشن بلاتعطل جاری رکھا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ تمام محکمے شہر کی بہتری کیلئے تمام وسائل استعمال کریں جبکہ ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرکے عوام کو ریلیف دیا جائے۔