شہر کی خوبصورتی کے لیے باہم مل کر کام کرنا ہو گا،سٹیشن کمانڈر

69

راولپنڈی۔24دسمبر (اے پی پی):سٹیشن کمانڈر اعجاز قمر کیانی نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا اور چیمبر کے زیر اہتمام گوداربزنس کانفرنس، شہر کی خوبصورتی کے لیے گلورئیس راولپنڈی منصوبہ، سٹی ڈیویلپمنٹ کے حوالے سے بریفنگ میں شرکت کی۔ اس موقع پر سی ای او کینٹ بورڈ عمر فاروق، سی ای او چکلالہ کینٹ بورڈ وسیم شاہد، ایڈیشنل سی او مس ماریہ جبیں، راولپنڈی چیمبر کے صدر محمد ناصر مرزا، گروپ لیڈر سہیل الطاف، سینئر نائب صدر عثمان اشرف، نائب صدر شاہ ریز ملک، سابق صدور اسد مشہدی، شمائیل داود، مجلس عاملہ کے اراکین، انجمن تاجران کے نمائندے اور چیمبر ممبران بھی موجود تھے۔صدر چیمبر ناصر مرزا نے گودار بزنس کانفرنس کے حوالے سے بریفنگ دی۔سٹیشن کمانڈر اعجاز قمر کیا نی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی ترقی، خوبصورتی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہو گا۔عمار چوک کی ری ماڈلنگ ، کچہری چوک کی کشادگی کا کام جنوری 2021میں ہو گا اور یہ ایک سال میں مکمل ہو گا۔ صدر میں پارکنگ کے مسئلے کے حل کے لیے پوٹھور پارکنگ بن چکی ہے۔ سیلز مین اور کسٹمرز کے لیے فری پارکنگ بھی بنائی جا رہی ہے۔ ہائی رائز بلڈنگز کے لیے قوانین میں ضروری ترامیم کی جا رہی ہیں۔بے ہنگم، پرانی اور خستہ حال تاروں کی درستگی کے لیے آئیسکو دو ماہ کام مکمل کر لے گا۔ لال کرتی سمیت باقی علاقوں میں بھی فوڈ سٹریٹ کے قیام کی تجاویز پر عمل کیا جا رہاہے جبکہ کینٹ کی قدیمی عمارتوں کو خوبصورت بنانے کے لیے بھی تاجر برادری کی معاونت سے اقدامات جاری ہیں ۔ آر سی سی آئی کے صدر ناصر مرزا نے گوادر بزنس کانفرنس کے حوالے سے بتایا کہ چیمبردو بار وفد گوادر لے کر گیا۔ بلا شبہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ پنجگور، تربت اور آواران کھجور کی پیداوار کے باعث مشہور ہیں۔ تربت میں کھجور کی پروسیسنگ اور کولڈ سٹوریج کا صرف ایک پلانٹ موجود ہے جو ناکافی ہے۔ حکومت بلوچستان کھجور کے ایکسپورٹرز کے لیے زیادہ سے زیادہ مراعات دے۔انہوں نے کہا کہ سہولیات اور جدید پروسیسنگ پلانٹس کی عدم موجودگی کے باعث یہی کجھورخام شکل میں پڑوسی ملک ایران جاتی ہے۔ جہاں ویلیو ایڈیشن کے بعد باقی ممالک کو فروخت کر دی جاتی ہے۔