شہر کی قدیم تہذیب اور روایات کو مد نظر رکھتے ہوئے تزئین و آرائش کا عمل انجام دیا جائے،کمشنرملتان ڈویژن

3

ملتان ۔ 25 جون (اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت ڈویژن کی خوبصورتی سے متعلق ایک اہم اجلاس کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پی ایچ اے، ایم ڈی اے، ضلع کونسل، واسا، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، ہائی ویز، پبلک ہیلتھ، اور میونسپل کارپوریشن کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے ڈپٹی کمشنرز کو بیوٹیفکیشن سے متعلق واضح اہداف سونپے اور زور دیا کہ عوام کو تزئین و آرائش کا عملی مظاہرہ نظر آنا چاہیے۔کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ شہر کی قدیم تہذیب اور روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے تزئین و آرائش کا عمل انجام دیا جائے، تاکہ شہر کی شناخت برقرار رہے۔

انہوں نے کہا کہ خالی میڈین پر درخت اور پھولدار پودے لگائے جائیں اور پارکوں کی اپ گریڈیشن کے ذریعے شہریوں کو بہتر تفریحی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ وہ خود تمام پارکوں کا دورہ کرکے جائزہ لے رہے ہیںعامر کریم خاں نے کہا کہ تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی اور دیگر طبقات کے تعاون سے شجرکاری مہم بڑے پیمانے پر چلائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں کی خوبصورتی اور اپ گریڈیشن کا پلان بھی مرتب کیا جا رہا ہے جبکہ اہم چوراہوں پر تزئین و آرائش کا کام جاری ہے۔ گرین بیلٹس سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے کریک ڈاون کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔

کمشنر عامر کریم خاں نے واضح کیا کہ شہر کے مضافاتی علاقوں کو بھی بیوٹیفکیشن کے دائرہ کار میں لایا جائے تاکہ ہر شہری کو یکساں سہولیات میسر ہوں۔ فلائی اوورز کی دیواروں پر خوبصورت نقش و نگار بنانے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔ اجلاس میں ٹریفک سگنلز کو فنکشنل کرنے اور مزید پروٹیکٹڈ یو ٹرنز بنانے کے لیے رپورٹ طلب کی گئیجبکہ مختلف علاقوں میں سٹریٹ لائٹس کی بحالی بارے بھی بریفننگ لی گئی۔شہر کی مجموعی خوبصورتی، اپ گریڈیشن اور کوآرڈینیشن کے لیے ایک آپریشنل کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ بھی اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مبشرالرحمن سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔