راولپنڈی۔21مئی (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) راولپنڈی احمد حسن رانجھا کی خصوصی ہدایات پر راشد منہاس روڈ کے گرین بیلٹس کو رنگ برنگے موسمی پھولوں سے سجا دیا گیا ہے جو دیکھنے والوں کو دلکش مناظر پیش کر رہے ہیں۔ پی ایچ اے حکام کے مطابق گرین بیلٹس پر پھولوں کی خوبصورتی سے سجاوٹ نے راشد منہاس روڈ کی خوبصورتی میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے اور وہاں سے گزرنے والے افراد کو خوشگوار احساس مہیا کر رہی ہے۔
ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا نے کہا کہ شہر کے پارکس اور چوراہوں کو بھی موسم کے مطابق خوبصورت پھولوں سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ راشد منہاس روڈ کے گرین بیلٹس پر موسمی پھول لگائے جا رہے ہیں تاکہ شہر کا سرسبز ماحول برقرار رہے اور خوبصورتی میں مزید اضافہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی مختلف شاہراہوں اور پارکوں کو خاص طور پر پھول دار پودوں سے سجایا جا رہا ہے اور پی ایچ اے کا عملہ شہریوں کی سہولت کے لیے محنت اور لگن سے کام کر رہا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599867