ساہیوال۔ 17 جنوری (اے پی پی):کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے شہر کی رہائشی عمارتوں کے کمرشل استعمال کے لئے کنورژن فیس وصولی کے کام کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔میونسپل کارپوریشن روزانہ کی بنیاد پر ایسی عمارتوں کے مالکان کو نوٹس جاری کرے، نجی عمارتوں کو ہسپتال بنانے والوں کو بھی خصوصی چیک کیا جائے۔ اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے سختی سے ہدایت کی کہ شہر کی کوئی عمارت کنورژن فیس ادا کئے بغیر تجارتی و کمرشل مقاصد کے لئے استعمال نہیں ہو نی چاہیے۔
اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد، اے سی جنرل علیزہ ریحان، پسپ پروگرام کے سٹی مینجر محمد اسجد خان سمیت دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔ چیف آفیسر اشفاق احمد نے بتایا کہ اب تک 125عمارتوں کو کنورژن کے نوٹسز دیے جا چکے ہیں جن میں 61سکول،41بنک، 8چائے خانے اور15ہاؤسنگ سوسائٹیز شامل ہیں جن سے سیوریج کنکشن فیس وصول کرنی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک مقررہ تاریخ کے بعد فیس جمع نہ کروانے پر 52مالکان کے خلاف مقدمات بھی درج کرائے جا چکے ہیں۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے فتح شیر روڈ اور ہائی سٹریٹ پر پارکنگ سٹینڈز قائم کرنے اور ان کی پارکنگ فیس رکھنے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے شہر کے پارکوں کو بہتر بنانے اور تجارتی مراکز میں تجاوزات کے خلاف مہم روزانہ کی بنیاد پر جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی۔دریں اثناء ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ نے شہر کے مختلف علاقوں میں جاری صفائی کے کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سینٹری سٹاف کو اپنی حاضری یقینی بنانے اور کاروباری سرگرمیوں کے آغاز سے پہلے صفائی کا عمل مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔