اسلام آباد ۔ 7 ستمبر (اے پی پی) یوم دفاع کی مناسبت سے 1965ءکی جنگ کے شہیدوں اور غازیوں کی یاد میں ضلع اٹک کے گاﺅں کامرہ میں شجرکاری کا اہتمام کیا گیا۔ اس حوالہ سے وزیرِاعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے پودا لگا شجرکاری کی تقریب کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ملک امین اسلم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے 1965ءکی جنگ میں افواج ِ ِپاکستان کے بہادر جوانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ نوجوان شہیدوں اور غازیوں کی یاد میں ملک بھر میں پودے لگانے کا اہتمام کریں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سےغازی بروتھہ منصوبہ کے تحت کامرہ گاو?ں میں تین سال کے دوران 12 لاکھ پھلدار اور غیرپھلدار پودے لگائے جائیں گے۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ علاقے میں پودے لگانے سے آب و ہوا میں بہتری کے ساتھ مقامی غربت میں کمی آئے گی۔ معاون خصوصی ملک امین اسلم نے اس موقع پر شہداءپارک بنانے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس پراجیکٹ کے ذریعہ مقامی لوگوں کو 5000 نوکریاں دی جائیں گی جبکہ غازی بروتھہ پراجیکٹ کے تحت تین سال میں 700 ایکڑ زمین پر 12 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔