شہید ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت اللہ بلیدی نے دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے بہادری کی اعلی مثال قائم کی ،پوری قوم کی ہمدردیاں ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں،پوری قوم اور تمام ریاستی ادارے سفاک دہشت گردوں کے مذموم عزائم کے خلاف متحد ہیں ، سید یوسف رضا گیلانی

85
Syed Yusuf Raza Gilani
Syed Yusuf Raza Gilani

اسلام آباد۔31مئی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ شہید ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت اللہ بلیدی نے دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے بہادری کی اعلی مثال قائم کی ہے اور پوری قوم کی ہمدردیاں ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں،پوری قوم اور تمام ریاستی ادارے سفاک دہشت گردوں کے مذموم عزائم کے خلاف متحد ہیں ، دہشت گردی کے خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی،ایسے بزدلانہ حملے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے ، ملک دشمن عناصر کو ان کے انجام تک پہنچا کر دم لیا جائے گا۔

سینیٹ سیکرٹریٹ میڈیا ڈائریکٹوریٹ سے ہفتہ کو جاری بیان میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے صوبہ بلوچستان کے ضلع سوراب میں فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کے سرکاری افسران کے گھروں پر حملے اور نذر آتش کرنے کے علاوہ بازار میں بینک لوٹنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے اپنے علاقے کا دفاع کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت اللہ بلیدی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ شہید ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت اللہ بلیدی نے دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے بہادری کی اعلی مثال قائم کی ہے اور پوری قوم کی ہمدردیاں ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دہشت گردی کی ایسی مذموم اور بزدلانہ کارروائیاں ملک میں امن و امان کی صورتحال کو سبوتاژ نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ فتنۃ الہندوستان جیسے عناصر کا کسی مذہب، قومیت یا انسانیت سے تعلق نہیں ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پوری قوم اور تمام ریاستی ادارے ان سفاک دہشت گردوں کے مذموم عزائم کے خلاف متحد ہیں اور دہشت گردی کے خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے بزدلانہ حملے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے اور ملک دشمن عناصر کو ان کے انجام تک پہنچا کر دم لیا جائے گا۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے شہید ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور اللّٰہ تعالٰی سے ان کے بلندیٔ درجات اور اہلِ خانہ کے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔