شہید بینظیرآباد انڈر 20 یوتھ اسپورٹس فیسٹیول اختتام پذیر،تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد

125

حیدرآباد۔ 02 دسمبر (اے پی پی):ضلع انتظامیہ کی جانب سے محکمہ اسپورٹس کے تعاون سے ڈسٹرکٹ شہید بینظیرآباد انڈر 20 یوتھ اسپورٹس فیسٹیول کے تحت کھیلوں کے مقابلے اپنے اختتام کو پہنچ گئے۔ اس حوالے سے کامیاب ٹیموں میں انعامات تقسیم کرنے کی ایک شاندار تقریب بلاول اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد کی گئی

۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن سندھ اسمبلی غلام قادر چانڈیو، سیکرٹری اسپورٹس عبدالعلیم لاشاری، کمشنر سید محمد سجاد حیدر، ڈپٹی کمشنر شہریار گل میمن اور دیگر نے کہا کہ نوجوانوں کی صحت کے لیے کھیل بہت ضروری ہیں جس سے انکی صحت پر اچھے اثرات مرتب ہونگے اور انکو کھیلوں کے میدان میں اپنا لوہا منوانے کے مواقع بھی ملیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نوجوانوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا ایک بہترین اقدام ہے ، کوشش ہوگی کہ کھیلوں کے مقابلے ڈویژن کی سطح پر منعقد کرائے جائیں۔

اس موقع پر سیکرٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افئیرز عبدالعلیم لاشاری نے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضلع شہید بینظیرآباد کے نوجوانوں میں کھیلوں کے حوالے سے بہت ٹیلنٹ موجود ہے ، سیکرٹری اسپورٹس نے نواب شاہ میں فٹ بال گرائونڈ بنوانے کا اعلان کیا ۔

اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی غلام قادر چانڈیو، رکن سندھ اسمبلی چوہدری جاوید اقبال آرائیں، سیکرٹری اسپورٹس عبدالعلیم لاشاری، کمشنر سید محمد سجاد حیدر اور ڈپٹی کمشنر شہریار گل میمن نے فیسٹول کی کامیاب ٹیموں اور کھلاڑیوں میں کھیل کا سامان، ٹرافیاں اور میڈل تقسیم کئے ۔ تقریب میں ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر عبدالرحیم راجپوت، پی پی پی کے ضلعی صدر محمد صالم زرداری، میئر قاضی محمد رشید بھٹی کے علاوہ مختلف ٹائون و یونین کمیٹیوں کے چیئرمینز، وائس چیئرمینز، مختلف محکموں کے افسران، صحافیوں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔