حیدرآباد۔ 08 مئی (اے پی پی):شہید بینظیرآباد ڈویژن کے تینوں اضلاع میں قومی انسدادِ پولیو مہم 26 مئی سے یکم جون تک منعقد ہوگی۔ اس سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈویژنل ٹاسک فورس برائے پولیو کا ایک اجلاس کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن شہریار گل میمن کی زیر صدارت کمشنر آفیس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر ٹو سید عمار حسین، اسسٹنٹ کمشنر جنرل فیصل گل الاھی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر شہید بینظیرآباد ڈاکٹر اسداللہ ڈاہری، ڈویژنل کوآرڈینیٹر ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر جھانگیر کورائی، ڈاکٹر اللّٰہ بخش راجپر، ڈاکٹر امینہ بروہی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ ڈپٹی کمشنر نوشہرو فیروز محمد ارسلان سلیم، ڈپٹی کمشنر سانگھڑ ساراہ جاوید اور سانگھڑ و نوشہرو فیروز کے ہیلتھ افسران وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
اس موقع پر کمشنر شہریار گل میمن نے کہا کہ بچوں کو پولیو جیسی مہلک بیماری سے محفوظ رکھنے کے لیے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانا ضروری ہیں اس لئے والدین اس قومی فریضہ میں تعاون کریں۔ کمشنر نے تینوں اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران کو سختی سے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ قومی انسدادِ پولیو مہم کے دوران ریفیوزل بچوں پر خصوصی توجہ دی جائے جبکہ ٹیموں کی تربیت، مائکرو پلان کے علاوہ دیگر درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔
کمشنر نے تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ قومی انسدادِ پولیو مہم کے دوران ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیں ٹیموں کو درپیش آنے والے مسائل فوری حل کئے جائیں تاکہ مہم کے بہتر نتائیج حاصل کئے جاسکیں اس موقع پر وڈیو لنک کے ذریعے ڈپٹی کمشنر نوشہرو فیروز ارسلان سلیم اور ڈپٹی کمشنر سانگھڑ ساراہ جاوید نے اپنے اضلاع اضلاع میں قومی انسدادِ پولیو مہم کے حوالے سے کئے گئے انتظامات اور گذشتہ قومی انسدادِ پولیو مہم کے متعلق آگاہی دی۔ اجلاس کو آگاہی دیتے ہوئے ڈویژنل کوآرڈینیٹر ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر جھانگیر کورائی اور تینوں اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران نے بتایا کہ ملک بھر کی طرح شہید بینظیرآباد ڈویژن میں بھی 26 مئی سے یکم جون تک قومی انسدادِ پولیو مہم منعقد ہوگی مہم کے دوران ڈویژن کے پانچ سال تک کی عمر کے 11 لاکھ 88 ہزار 57 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے اس مقصد کے لیے کل 3 ہزار 752 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں
جن میں 3403 موبائل، 110 ٹرانزٹ اور 239 فکس ٹیمیں شامل ہیں انہوں نے مزید بتایا کہ قومی انسدادِ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ٹیموں کی تربیت، مائکرو پلان کی تیاری سمیت دیگر تمام انتظامات کئے جارہے ہیں
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594374