پشاور۔ 14 دسمبر (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ شہید بینظیر بھٹو وویمن یونیورسٹی کی طالبات کا کھیلوں میں گہری دلچسپی خوش آئند ہے، خوشی ہے کہ اس یونیورسٹی کی طالبات عالمی سطح ہر کھیلوں میں نمایاں پوزیشن ہولڈرز رہی ہیں، شہید بینظیر بھٹو وویمن یونیورسٹی کا قیام صوبہ کی بچیوں کیلئے قیمتی سرمایہ ہے، اس یونیورسٹی سے طالبات خود اعتمادی سے تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید بینظیر بھٹو وویمن یونیورسٹی کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ گورنر نے اس موقع پر یونیورسٹی میں بیڈمنٹن اور اسکواش کورٹ کا افتتاح کیا ۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ بحیثیت چانسلر خوشی ہے کہ پبلک سیکٹرز یونیورسٹیوں میں لڑکوں سے لڑکیوں کی تعداد زیادہ ہے،آج کی عورت تعلیم و کھیل کے ساتھ ایک خاندان کی تربیت کی بھی زمداری بخوبی ادا کر رہی ہے، اسلام میں عورت کو ماں، بہن، بیٹی، بیوی کی شکل میں انتہائی عزت و احترام دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ نے عورت کو بیٹی کی شکل میں کسی بھی خاندان کیلئے رحمت بنا کر بھیجا ہے، امید کرتا ہوں یہاں کی طالبات اپنے خاندان، یونیورسٹی اور ملک و قوم کیلئے فخر کا باعث بنیں گی۔
گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ معاشرتی ترقی میں بھی خواتین برابر کی شراکت دار ہیں،خواتین کسی بھی خاندان کی بہترین تربیت کیلئے بنیادی ادارہ کا کردار ادا کرتی ہیں،آج ہمارے معاشرے میں خواتین تمام شعبوں میں اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مرد و خواتین کو کاروبار و تجارت کیلئے مواقع فراہم کرنے چاہئیں،خواتین کا معاشی و سماجی طور پر بااختیار ہونا معاشرے کی ترقی کا ضامن ہے، خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک میں انسانی رویوں کو تبدیل کرنیکی ضرورت ہے، مرد و خواتین کو کاروبار کے یکساں مواقع دیے جائیں۔
اپنے خطاب میں گورنر نے کہا کہ عورت جسے عزت و تحفظ اور تمام حقوق مذہب اسلام نے دیئے ہیں،صوبہ میں خواتین کو تعلیم و کاروبار کے برابر مواقع و سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،ملک و معاشرتی ترقی کیلئے مرد و خواتین نے ملکر مشترکہ کردار ادا کرنا ہے۔