شہید بے نظیر بھٹو نے ایک جمہوری ملک کی وزیراعظم بن کر خواتین کو ایک نئی شناخت، ہمت اور وقار بخشا، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی

4
شہید بے نظیر بھٹو نے ایک جمہوری ملک کی وزیراعظم بن کر خواتین کو ایک نئی شناخت، ہمت اور وقار بخشا، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی

پشاور۔ 21 جون (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم، جمہوریت کی علامت اور عوام کی امید شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نہ صرف پاکستان بلکہ پوری امت مسلمہ کی وہ پہلی خاتون تھیں جنہوں نے ایک جمہوری ملک کی وزیراعظم بن کر خواتین کو ایک نئی شناخت، ہمت اور وقار بخشا۔ ان کی سیاسی بصیرت، جمہوریت سے کمٹمنٹ اور عوامی خدمت کا جذبہ آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔

اپنے پیغام میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید نے آمریت کے خلاف جدو جہد، آئین کی بالادستی اور پسے ہوئے طبقات کی آواز بن کر خود کو ایک عوامی رہنما کے طور پر منوایا۔ ان کا مشن ایک پرامن، خوشحال، جمہوری اور ترقی یافتہ پاکستان تھا جس کےلیے انہوں نے اپنی جان تک قربان کر دی۔ فیصل کریم کنڈی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم بے نظیر بھٹو شہید کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کےلیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے اور اُن کے نظریات پر عمل پیرا ہو کر جمہوریت، آئین اور عوامی خدمت کے راستے پر گامزن رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کا مشن صرف ایک فرد یا جماعت کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا مشترکہ مستقبل ہے اور اس مشن کی تکمیل کےلیے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی کی جدوجہد جاری ہے۔