شہید بے نظیر بھٹو کی برسی کی تقریب، سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے

262

سکھر۔27دسمبر (اے پی پی): سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کی سابق چیئرپرسن شہید بے نظیر بھٹو کے 15 ویں یوم شہادت کے موقع پر آج منگل کو گڑھی خدا بخش میں ہونے والے جلسے سے سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی کی قیادت ، مرکزی رہنما اور ملک بھر سے آنے والے کارکنان گڑھی خدا بخش میں شہدا کی مزاروں پر حاضری دیں گے اور پھول رکھیں گے۔ پر مزار کے احاطے میں جلسے کا آغاز سہ پہر تین بجے ہوگا جس سے بلاول بھٹو زرداری سمیت پارٹی کی مرکزی قیادت خطاب کرے گی۔

پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور سندھ بھر سے کارکنان لاڑکانہ پہنچ رہے ہیں، جلسہ گاہ میں چاروں صوبوں سے آنے والے کارکنان کے انکلوژرز بنائے گئے ہیں۔پیپلز پارٹی کے رضا کاروں سمیت سندھ پولیس اور اسپیشل سکیورٹی یونٹ کے اہلکار جلسہ گاہ میں سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں ۔

سٹیج پر سکیورٹی کی ذمہ داری سندھ پولیس کے سپیشل سکیورٹی کمانڈوز ادا کریں گے جبکہ بم ڈسپوزل سکواڈ اور ٹریفک پولیس کے اہلکار بھی جلسہ گاہ اور اطراف میں فرائض انجام دے رہے ہیں ۔پیپلز ڈاکٹرز فورم کی جانب سے جلسہ گاہ میں میڈیکل کیمپ بھی قائم کیا گیا ہے، جلسے میں شرکت کے لیے ذیلی تنظیموں سندھ پیپلز یوتھ، پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن، شعبہ خواتین، کلچرل ونگ، اقلیتی ونگ کے کارکنان بھی گڑھی خدا بخش پہنچے ہیں۔

ملک کے دیگر صوبوں سے لاڑكانہ جانے والی اہم شخصیات کی رہنمائی کے لئے سکھر ایئر پورٹ پرڈیسک قائم کیا گیا ہے ۔ سکھر کے پارٹی رہنما ایئر پورٹ پر مہمانوں کا استقبال کرنے کے لئے موجود ہیں ۔