حیدرآباد۔ 08 مئی (اے پی پی):شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی شہید بینظیر آباد کے اساتذہ، طلبہ، انتظامی افسران اور سٹاف نے بھارتی جارحیت اور بزدلانہ حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اکیڈمک بلاک ون سے احتجاجی ریلی نکالی جو مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی یونیورسٹی کے ایڈمن بلاک پر ختم ہوئی۔ ریلی کے شرکا "نعرہ تکبیر اللہ اکبر”، "پاکستان زندہ باد” اور "پاک فوج زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگاتے رہے۔
شرکا نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔اس موقع پر یونیورسٹی کے اساتذہ، طلبہ اور افسران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ریلی بھارتی جارحیت کے خلاف اجتماعی ردعمل ہے جس کا مقصد قومی یکجہتی، امن اور پاکستان سے بے لوث محبت کا اظہار کرنا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی پاک سرزمین کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر متحد ہے اور کسی بھی دشمن قوت کے سامنے جھکنے کے لیے تیار نہیں۔ شرکاء نے مزید کہا کہ پاک فوج ملک کی سرحدوں کی محافظ ہے اور اس کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594310