لاہور۔18جون (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے شہید جمہوریت بینظیر بھٹو کی 72ویں سالگرہ کے موقع پر جنوبی پنجاب کی تمام تنظیموں بشمول الائیڈز ونگز کے عہدیداران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 21جون کو جنوبی پنجاب بھر میں پارٹی تنظیمیں سالگرہ کی تقریبات روایتی جوش و ولولے، عقیدت اور سیاسی وابستگی کے ساتھ منائیں گی۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو صرف ایک سیاسی رہنما نہیں تھیں
بلکہ وہ پاکستان کی سیاسی تاریخ کی وہ عظیم شخصیت تھیں جنہوں نے آمریت کے سائے میں جمہوریت کے چراغ جلائے ،جنہوں نے عورتوں کو آواز دی، نوجوانوں کو شعور دیا اور محروم طبقات کو طاقتور بنانے کا خواب دکھایا۔مخدوم سید احمد محمود نے ہدایت کی کہ تمام ڈویژن، ضلع، سٹی اور تحصیل سطح کی پارٹی تنظیمیں بشمول تمام الائیڈ ونگز، اپنے اپنے دفاتر اور ضلعی ہیڈکوارٹرز پر تقریبات کا انعقاد کریں، کیک کاٹا جائے، قرآن خوانی و دعا اور بی بی شہید کی قومی خدمات
جمہوریت کے استحکام کے لیے جدوجہد، اور شہادت کی عظمت کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے۔