شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قیادت وژن، اقدار اور ترقی کا مجسم نمونہ تھیں، بلاول بھٹو زرداری کا شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے یومِ پیدائش پر پیغام

133

کراچی۔ 21 جون (اے پی پی):چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قیادت وژن، اقدار اور ترقی کا مجسم نمونہ تھیں۔ انہوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے یومِ پیدائش پر جمعہ کو بلاول ہائوس سے جاری اپنے پیغام میں کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا یومِ پیدائش ہونے کے باعث21 جون قوم کے لیے بڑی اہمیت کا حامل ہے،شہید محترمہ بینظیر بھٹو امید، بہادری اور حوصلے کی کرن تھیں۔

انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے پاکستان کو سائنسی، معاشی اور صنعتی شعبوں میں آگے بڑھایا۔بی بی شہید نے رواداری و اتحاد کے فروغ، شہری آزادیوں کے تحفظ اور جمہوریت کی مضبوطی کے لئے انتھک جدوجہد کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو سب کے لیے مساوی مواقع پر یقین رکھتی تھیں، بی بی شہید ایسے پاکستان کا تصور رکھتی تھیں جہاں خوشحالی مشترکہ ہو اور کوئی بھی پیچھے نہ رہے۔

انہوں نے کہا کہ آمریتوں کی جانب سے جھوٹے مقدمات اور قید تنہائی کا سامنا کرنے کے باوجود بی بی شہید اپنی آخری سانس تک ظلم و جبر کے خلاف لڑتی رہیں، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ہمیں معاف کرنے کی طاقت سے بھی روشناس کرایا،شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے سکھایا کہ حقیقی قیادت ذاتی بغض و عناد سے بالاتر ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم یکساں حقوق و فلاحی ریاست کے قیام کے لیے ناانصافی و استحصال کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے،شہید محترمہ بینظیر بھٹو ! آپ کا جذبہ زندہ اور تعلیمات قائم ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج ہم آپ کو یاد کرتے ہوئے آپ کی اقدار سے اپنی اٹل وابستگی کے لئے تجدید عہد کرتے ہیں،دعاگو ہوں کہ ہم آپ کی جرائت اور پاکستان کے لیے آپ کی غیر متزلزل لگن سے ہمیشہ حوصلہ حاصل کرتے رہیں۔