شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نام سے سکالرشپ پروگرام شروع کیا ہے، طلبا کواعلی تعلیم کے حصول کیلئے سکالرشپ دے رہے ہیں،وزیراعلی بلوچستان

160
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت آئندہ مالی سال 2025ـ26 کے بجٹ اورپی ایس ڈی پی کی تشکیل سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کا اہم اجلاس

کوئٹہ۔ 30 نومبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹوکے نام سے سکالرشپ پروگرام شروع کیا ہے، عام سکولوں اوردیہاتوں میں ٹاپ کرنیوالے طلبا کواعلی تعلیم کے حصول کیلئے سکالرشپ دے رہے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کو کوئٹہ میں پریس کلب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی اور پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنماؤں اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت صوبے میں تعلیم کے فروغ اور طلبہ کو اعلی تعلیم کے حصول کے مواقع فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، اسی سلسلے میں طلبہ کو دنیا کی بڑی یونیورسٹیز میں سکالرشپس بھی فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تکنیکی تعلیم کے بعد نوجوانوں کو روزگار کیلئے خلیجی ممالک بھیجیں گے، اخوت کے اشتراک سے نوجوانوں کو کاروبار کیلئے روزگار دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ہماری اس وقت مخلوط حکومت ہے، ہم نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے نام سے سکالرشپ کا پروگرام شروع کیا ہے، عام سکولوں اوردیہاتوں میں ٹاپ کرنیوالے طلبا کو سکالرشپ دے رہے ہیں تاکہ وہ اعلی تعلیم حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت میں آپ کو واضح تبدیلی نظر آئیگی، 2 سے تین ماہ میں سرکاری ہسپتالوں کو مثالی بنائیں گے،

انہوں نے کہا کہ ماضی میں صوبے میں بیڈ گورننس عروج پر تھی مگر ہم بلوچستان میں گڈگورننس کی مثالیں بنا کر جائیں گے اور عوام کے مسائل حل کرینگے،حکومت نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔