لاڑکانہ۔ 21 جون (اے پی پی):ملک کے دیگر شہروں کی طرح لاڑکانہ میں بھی اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا 72 واں یوم پیدائش انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
اس سلسلے میں پاکستان پیپلز پارٹی ضلع اور پیپلز لائرز فورم کی جانب سے بیگم نصرت بھٹو ہال اور سندھ ہائی کورٹ بار روم میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان پیپلز پارٹی ضلع لاڑکانہ کے جنرل سیکرٹری و چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل لاڑکانہ ایڈووکیٹ اعجاز احمد لغاری، میئر لاڑکانہ ایڈووکیٹ انور علی لُھر، شاہد اقبال سیال، محمد ریاض سومرو، عبدالنبی ساريو، اکبر علی ڈھر، سندھ ہائی کورٹ بار لاڑکانہ کے جنرل سیکرٹری آصف علی چانڈیو، سینئر وکلاء آصف علی، عبدالرزاق سومرو، سابق صوبائی وزیر توقیر فاطمہ بھٹو سمیت وکلاء، پیپلز پارٹی کی ذیلی تنظیموں کے رہنماؤں اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں کیک کاٹ کر شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے بلند درجات کے لیے خصوصی دعا کی گئی ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے پاکستان کو مستحکم بنانے، جمہوریت کو مضبوط کرنے اور ملک کو بچانے کے لیے انتھک جدوجہد کی اور اپنی جان کا نذرانہ دے کر لازوال قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی خاطر شہید بے نظیر بھٹو نے جان کی قربانی دی مگر پیچھے نہیں ہٹیں، ان کی سیاسی بصیرت کو پوری دنیا نے تسلیم کیا، جیسے شہید ذوالفقار علی بھٹو عظیم لیڈر تھے ویسے ہی شہید بے نظیر بھٹو بھی ایک عظیم سیاسی رہنما تھیں جنہوں نے اپنی پوری زندگی عوامی حقوق کے حصول، جمہوریت کی بحالی اور ملک کی مضبوطی کے لیے وقف کی۔
انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ایک عظیم رہنما تھیں اور ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف مؤثر طریقے سے پیش کیا ہے جو پاکستانی قوم کی ایک بڑی کامیابی ہے۔