شہید میجر سید معیز عباس شاہ کی نمازِ جنازہ راولپنڈی میں ادا،آبائی علاقے میں سپرد خاک کیا جائے گا

4

راولپنڈی۔25جون (اے پی پی):میجر سید معیز عباس شاہ شہید کی نمازِ جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کی گئی۔ وہ جنوبی وزیرستان کے علاقے سرا روغہ میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کر گئے تھے ۔

چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ، اعلیٰ عسکری و سول افسران اور جوانوں نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔37سالہ شہید میجرمعیزعباس کاتعلق ضلع چکوال سے ہے۔بدھ کو آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے کہاکہ میجر سید معیز عباس شاہ نے جرأت و بہادری کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور بہادری ،قربانی اور حب الوطنی کی اعلیٰ مثال قائم کی۔پوری قوم ان کی قربانی پر فخر کرتی ہے اور ملکی دفاع کے لئے ان کی قربانی کو سلام پیش کرتی ہے ۔

ہم اپنے شہدا کے مقروض ہیں۔ہمارے شہدا کامقدس خون قومی استحکام کاستون ہے۔شہید کا جسد خاکی ان کے آبائی علاقے منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔