شیخوپورہ۔ 22 دسمبر (اے پی پی):شیخوپورہ میں آل پاکستان پاسٹرز الائنس کے مرکزی چیئرمین ڈاکٹر قیصر شہزاد کی جانب سے کرسمس کی آمد کے حوالے سے آٹھویں سالانہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں مسیحی سکالرو مرکزی رہنمائوں سمیت مسیحی برادری کے مرد و خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں کرسمس کا کیک کاٹا گیا اور ملکی سلامتی و خوشحالی کی خصوصی دعا کی گئی جبکہ مہمانوں میں یادگاری شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں اور بچوں نے کرسمس کے حوالے سے خصوصی ٹیبلوز پیش کئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسیحی سکالرو مرکزی رہنما ڈاکٹر جمیل ناصراور ڈاکٹر قیصر شہزاد نے کہا کہ کرسمس خوشیاں تقسیم کرنے کاتہوار ہے
جس سے نہ صرف باہمی میل جول اور رفاقت و محبت بڑھتی ہے بلکہ ہم آہنگی کو بھی فروغ ملتا ہے ،گزشتہ برسوں کی طرح امسال بھی کرسمس کے موقع پر بھر پور جشن منایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر غریب مسیحی بھائیوں کا بھی خیال رکھا جائے اور انہیں کرسمس کی خوشیوں میں شریک کرنے کیلئے ہر ممکن کاوشیں بروئے کار لائی جائیں ،پسماندہ علاقوں کے مسیحی باسیوں کی امداد و اعانت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے تاکہ وہ بھی کرسمس منا کر خداوند کو راضی کرسکیں۔ مسیحی برادری نے حب الوطنی کے جذبہ سے سرشار ہو کر ہمیشہ ملکی سلامتی و استحکام کی خاطر قربانیاں دیں اور وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کیلئے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔
کرسمس کے موقع پر شاندار تقریب کا اہتمام کیا جائے گا جس میں کیک کاٹنے سمیت ملکی سلامتی و استحکام اور ترقی و خوشحالی کی خصوصی دعائیں کی جائیں گی جبکہ گرجا گھروں میں بھی دعائیہ عبادات کا اہتمام کیا جائے گا۔