شیخوپورہ 11جون (اے پی پی):سکھ مذہب کے پانچویں گورو ارجن دیو جی کے شہیدی دن جوڑ میلہ تقریبات میں شرکت کے لیے بھارتی سکھ یاتری گوردوارہ سچاسودا پہنچ گئے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس میاں نذیر احمد نے اسسٹنٹ کمشنر طارق شبیر ، اسسٹنٹ کمشنر اقراء مبین و دیگر ضلعی افسران کے ہمراہ سکھ یاتریوں کا استقبال کیا۔ فول پروف سیکیورٹی اور پر تپاک استقبال پر مہمان سکھ یاتریوں نے حکومت پاکستان ، حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ شیخوپورہ کا شکریہ ادا کیا ۔
سکھ یاتریوں نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوۓ کہا کہ پاکستان میں ملنے والا پیار اور عزت کبھی نہیں بھولیں گے۔ انہوں نے گوردوارہ سچا سودا میں اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے کے لیے آۓ سکھ یاتریوں کی سہولیات کے لیے کئے گئے انتظامات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئےۓ کہا کہ پنجاب حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اقلیتوں کی عبادت گاہوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔ ایس پی رانا عباس نےکہا کہ مہمان یاتریوں کو تمام تر سہولیات و بہترین انتظامات کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی ، سکھ یاتریوں اور گوردوارہ جات کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔ایس پی انوسٹی گیشن نے کہا کہ جوڑ میلہ گورو ارجن دیو جی کو پر امن و کامیاب بنانے کے لیے ہر دم مصروف عمل ہیں۔