شیخوپورہ ،محرم الحرام کے دوران بہترین اور فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جارہاہے ،ڈپٹی کمشنر

19

شیخوپورہ۔ 30 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے ڈی پی او بلال ظفر شیخ کے ہمراہ تحصیل مریدکے اور تحصیل فیروز والہ کا اچانک دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے بارشی پانی کی نکاسی اور نالہ جات کی صفائی ستھرائی محرم الحرام کے انتظامات، امام بارگاہوں، ماتمی جلوسوں کے روٹس کا جائزہ لیا ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے ماتمی جلوسوں کے روٹس پر بارشی پانی کی نکاسی کو بروقت یقینی بنانے، ڈرینز اور نالہ جات کی صفائی ستھرائی اور عشرہ محرم الحرام کے دوران بہترین اور فول پروف انتظامات کرنے کے لیے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عثمان جلیس، اسسٹنٹ کمشنرز، سی او میونسپل کارپوریشن، منتظمین ولائسنس ہولڈرز سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ موجود تھے

ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ نے کہا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران صفائی ستھرائی، سیکورٹی، لائٹنگ و دیگر بہترین انتظامات کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، محرم الحرام کے دوران بہترین اور فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جارہاہے ڈپٹی کمشنرشاہد عمران مارتھ نے کہا کہ متعلقہ اداروں کی جانب سے ضلع بھر کی ڈرینز اور نالہ جات کی صفائی سمیت بارشی پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام محکمے الرٹ ہیں، میونسپل ادارے نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کی نکاسی کو جلد از جلد ممکن بنائیں بعد ازاں ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹ پر انتظامات کاجائزہ لیتے ہوئے تمام اداروں کو کام میں تیزی لانے اور الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کسی بھی قسم کی لاپرواہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا

تمام افسران و عملہ اپنی ڈیوٹی کے فرائض کو خدمت خلق سمجھ کر اپنی صلاحیتوں کو بروے کار لاتے ہوئے بخوبی سرانجام دیں۔