شیخوپورہ ،پنجاب فوڈ اتھارٹی عوام کو صاف ستھری اور معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے دن رات کوشاں

73

شیخوپورہ ۔ 21 نومبر (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف ، ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی پنجاب محمد عاصم جاوید اور ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ کی ہدایات پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیمیں معیاری خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے فیلڈ میں مکمل متحرک ہیں ۔

ضلع بھر میں خوراک سے منسلک 99 کاروباروں کا معائنہ کیا گیا ، حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی اور صفائی کے ناقص انتظامات پر 90 ہزار روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا اور معیاری دودھ کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ضلع شیخوپورہ کے مختلف علاقوں میں چیکنگ کے دوران 36 ہزار 640 لٹر دودھ کو چیک کیا گیا ۔

مزید برا ں مضر صحت غیر معیاری ناقص اور ممنوع زائد المیاد اشیاء ، بیکری آئٹمز ، گوشت و دیگر کو موقع پر تلف کیا گیا جبکہ متعدد فوڈ پوائنٹس کو اصلاحی نوٹس بھی جاری کیے گئے ۔ ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی مضر صحت اشیاء کی خریدوفروخت کرنے والوں کے خلاف کاروائیوں بارے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام الناس کو صاف ستھری خوراک کی فراہمی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، پنجاب فوڈ اتھارٹی ہمیشہ کی طرح لوگوں کو صاف ستھری اور معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے دن رات کوشاں ہے ۔