شیخوپورہ۔ 28 اگست (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز ، چیف سیکرٹری پنجاب کی واضح ہدایت پر فلڈ ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ فیلڈ میں متحرک ہیں اورسیلابی صورتحال میں عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے مکمل ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
فلڈ ایمرجنسی صورتحال کے پیش نظر کیے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عثمان جلیس ، اسسٹنٹ کمشنر ، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ، محکمہ آبپاشی ، لائیو سٹاک ، زراعت کے افسران سمیت دیگر محکموں کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔
ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ دریائے راوی میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہونے کے پیش نظر انتظامیہ شیخوپورہ کی جانب سے دریائے راوی سے منسلک ڈسٹرکٹ شیخوپورہ کی بیلٹ اور قریبی بستیوں کے رہائشیوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ دریائے راوی میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہو رہی ہے اور انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عوام کو سیلاب کی صورتحال سے آگاہ کرنے کے لیے مساجد میں علامات کروائے جا رہے ہیں ۔ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے مزید گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ عوام فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہوں اور ضلعی انتظامیہ و ریسکیو 1122 سے بھرپور تعاون کریں تاکہ کسی جانی و مالی نقصان سے بچایا جا سکے۔ضلعی انتظامیہ شیخوپورہ ہر ممکن اقدامات کے لیے ہائی الرٹ پر ہے۔