شیخوپورہ۔ 15 ستمبر (اے پی پی):سوئی ناردن گیس کارپوریشن لمیٹڈ کی شیخوپورہ اور شاہدرہ کی مشترکہ ٹیم نے ایگزیکٹیو انجینئر عمر اقبال کی نگرانی میں قصبہ شرقپور شریف میں چھاپہ مار کر سوئی گیس کی چوری کا طویل عرصہ سے چلنے والا نیٹ ورک پکڑ لیا ۔اس نیٹ ورک کے ذریعے اب تک چوری ہونے والی سوئی گیس کی مالیت کا اندازہ کروڑوں روپے میں لگایا گیا ہے۔
ایگزیکٹیو انجینئر عمر اقبال نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ریجنل مینجر احسان اللہ بھٹی کو اطلاع ملی تھی کہ دربار روڈ ہاؤسنگ کالونی میں سوئی گیس کی چوری کی جا رہی ہے جن کی ہدایت پر شیخوپورہ اور شاہدرہ ریجن کی مشترکہ ٹیم نے چھاپہ مارا تو انکشاف ہوا کہ گیس کی مین سپلائی لائن سے کنکشن لے کر اسے زیر زمین پائپ ڈال کر ایک پرائیویٹ ہاؤسنگ کالونی تک لایا گیا ہے اور اس پائپ سے متعدد گھروں کو جعلسازی سے گیس کے کنکشن دیئے ہوئے ہیں اور کالونی کے اندر ایک فیکٹری بھی اس گیس پر چل رہی ہے انہوں نے بتایا کہ جعلسازی سے بچھائی جانے والی پائپ لائن کو اکھاڑنے کاکام جاری ہے جو صبح تک مکمل ہونے کی توقع ہے ۔