شیخوپورہ۔ 06 دسمبر (اے پی پی):محکمہ لائیو اسٹاک ڈسٹرکٹ شیخوپورہ میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق کسان بھائیوں کیلئے پنجاب لائیو سٹاک کارڈ کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ، کسانوں کو پنجاب لائیو سٹاک کارڈ فراہم کر دیئے گئے ۔
افتتاحی تقریب لائیو سٹاک کمپلیکس دفتر ایڈیشنل لائیو سٹاک میں منعقد ہوئی ،جس میں مہمان خصوصی سینئر رہنما مسلم لیگ (ن)سابق چیئرمین بلدیہ و ہیلتھ کوآرڈینیٹر میاں امجد لطیف، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک شیخوپورہ ڈاکٹر علمدار حسین ملی، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک تحصیل شیخوپورہ ڈاکٹر صائمہ تبسم،ڈاکٹر واصف علی، ڈاکٹر علی بٹ و دیگر نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک شیخوپورہ ڈاکٹر علمدار حسین ملی نے کہا کہ لائف سٹاک کارڈ میں پیسے قرض کی صورت میں دیئے جائیں گے ،قرض کا مکمل دورانیہ زیادہ سے زیادہ 150 دن (پانچ ماہ ) اور قرض استعمال کرنے کا دورانیہ 120 دن (چار ماہ ) ہوگا ، اگلے 30 دن ایک ماہ مکمل قرض واپس کرنے کا دورانیہ ہوگا ۔
مویشی پال حضرات کو وزیراعلیٰ پنجاب لائیو سٹاک کارڈ کے ذریعے بلا سود قرض فراہم کیا جائے گا ، سود یا منافع کی رقم حکومت پنجاب برداشت کرے گی، کم سے کم پانچ کٹوں اور بچھڑوں پر 27 ہزار روپے فی جانور کے حساب سے کل ایک لاکھ 35 ہزار کا قرض فراہم کیا جائے گا، زیادہ سے زیادہ 10 کٹروں بچھڑوں پر 27 ہزار فی جانور کے حساب سے کل 2 لاکھ70 ہزار روپے قرض فراہم کیا جائے گا،
قرض کی رقم ماہانہ بنیادوں پر فراہم کی جائے گی، مویشی پال قرض کی رقم سے بینک آف پنجاب کے رجسٹرڈ مقامی فیڈ ڈیلرز اور لائیو سٹاک کارڈ کو استعمال کر کے جانوروں کی خوراک مثلا ونڈا سائلج اور نمکیاتی آمیزہ خرید سکیں گے جس سے انہیں بھرپور ریلیف حاصل ہوگا۔