رحیم یارخان ۔ 21 مئی (اے پی پی):شیخ زید ہسپتال میں عالمی یوم دمہ کی مناسبت سے آگاہی واک اور پلمونولوجی شعبہ میں جدید تشخیصی یونٹ کا افتتاح کیا گیا۔ اس موقع پرمریضوں اور متعلقہ طبی عملے کو دمہ کی علامات،احتیاطی تدابیر اور جدید علاج کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی۔ تقریب میں ماہرین صحت نے دمہ کی بڑھتی ہوئی شرح اور اس کے مؤثر انتظام کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔بعد ازاں زید میڈیکل کالج وہسپتال کے پرنسپل ڈاکٹر محمد سلیم لغاری،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فیصل اورشعبہ پلمونولوجی کے ہیڈآف ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر عمران بشیرکی زیرقیادت ایک آگاہی واک کا انتظام کیا گیا جس میں مریضوں ،طبی عملے اور عوام کی کثیر تعداد نے حصہ لیا۔
علاوہ ازیں ہسپتال کے پلمونولوجی شعبہ میں جدید تشخیصی سہولتوں سے آراستہ ”ڈائیگنوسٹک یونٹ “کا بھی افتتاح کیا گیا۔ اس سوئٹ میں پلمونولوجی فنکشن ٹیسٹ کے علاوہ جدید سہولیات برونکوسکوپی،پلیوروسکوپی اور نیند سے متعلق بیماریوں کے ٹیسٹ کیساتھ ساتھ دیگر تشخیصی آلات ،پوائنٹ آف کیئر الٹرا ساؤنڈ اور شارٹ ایکوکارڈ یوگرافی شامل ہیں جو مریضوں کی بہتر تشخیص اور علاج میں مددگار ثابت ہوں گے۔افتتاحی تقریب اور آگاہی واک میں شیخ زید میڈیکل کالج وہسپتال کے پرنسپل ڈاکٹر محمد سلیم لغاری،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فیصل اورشعبہ پلمونولوجی کے ہیڈآف ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر عمران بشیر کے علاوہ مہمانان خصوصی سابق انچارج شعبہ پلمونولوجی پروفیسر ڈاکٹر مسعود الحق اور ڈاکٹر عبدالسلام و دیگر ماہرین صحت اور مقامی رہنماؤں نے شرکت کی اور اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا۔
شعبہ پلمونولوجی کی موجودہ ٹیم نے ڈاکٹر عمران بشیر کی سربراہی میں اس نئے بننے والے یونٹ کو پروفیسر ڈاکٹر مسعود الحق اور ڈاکٹر عبدالسلام کی اس شعبے میں دی گئی خدمات کے باعث ان کے نام سے منسوب کیا ہے۔اس موقع پر ایچ او ڈی ڈاکٹر عمران بشیر نے اس بات پر زور دیا کہ جدید تشخیصی سہولتوں کی فراہمی سے نہ صرف مقامی مریضوں کو فائدہ ہوگا بلکہ قریبی علاقوں کے افراد بھی اس سے مستفید ہوں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599735