اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):تحریکِ آزادی کے بے باک راہنما اور شیرِ بنگال مولوی فضل الحق کا یومِ پیدائش26 اکتوبرکو منایا جائےگا ۔مولوی ابوالقاسم فضل الحق 26 اکتوبر 1873کو پیدا ہوئے ۔ 1895میں وکالت کے شعبے سے منسلک ہوئے۔ 1912میں سیاسی زندگی کا آغاز کیا اور بنگال قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ 1935میں مرکزی قانون ساز اسمبلی کے رکن بنے۔
1937میں انہوں نے بنگال کے وزیرِ اعلیٰ کی حیثیت سے عہدے کا حلف اٹھایا اور 1943 تک اس عہدے پر فائز رہے۔اس دوران لاہور میں مسلم لیگ کا تاریخی اجلاس منعقد ہوا تو مولوی فضل الحق کو وہ تاریخی اہمیت کی حامل قرارداد پیش کرنے کا موقع ملا جسے بعد میں قراردادِ پاکستان کہا گیا۔ قیامِ پاکستان کے بعد انہوں نے مشرقی پاکستان کے وزیرِ اعلیٰ ، گورنر اور بعد میں مرکز میں وزیرِ داخلہ کے عہدے پر فرائض انجام دیے۔1958میں وہ عملی سیاست سے ہمیشہ کے لیے دست بردار ہوگئے۔ 1960میں حکومتِ پاکستان نے انہیں ہلالِ پاکستان کا اعزاز عطا کیا۔ مولوی فضل الحق ڈھاکا میں آسودۂ خاک ہیں۔مولوی فضل الحق 27 اپریل 1962 کو اس جہانِ فانی سے کوچ کرگئے ، ان کے یوم پیدائش کے موقع پر ان کی خدمات کے اعتراف میں اُنہیں خراج عقیدت پیش کیا جائےگا ۔