شیری رحمان کی فرانسیسی سفیر نکولس گیلے سے ملاقات، سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے درکار امداد بارے آگاہ کیا

113
سینیٹر شیری رحمان

اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے پاکستان میں فرانس کے سفیر نکولس گیلے سے ملاقات کی اور انہیں پاکستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں اور درپیش مسائل سمیت سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے درکار امداد کے بارے آگاہ کیا۔

منگل کو وزارت ماحولیاتی تبدیلی کی طرف سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق فرانسیسی سفیر نکولس گیلے نے سیلاب سے ہونے والی تباہی پر پاکستانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور فرانسیسی حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔فرانسیسی سفیر کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے وفاقی وزیر شیری رحمان نے کہا کہ ہم اس مشکل وقت میں فرانس کی حمایت کو سراہتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ زمین پر ہونے والی تباہی اس سے کہیں زیادہ ہے جو ہم نے 2010 کے سیلاب میں دیکھی تھی۔ آفات سے 81 علاقے متاثر جبکہ 5,700 کلومیٹر سے زیادہ سڑکیں اور 246 پلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے اور مواصلاتی نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ہمیں فوری طور پر انفراسٹرکچر کی تعمیر نو کی ضرورت ہے تاکہ امداد کو کم سے کم وقت میں پہنچایا جا سکے۔

مزید یہ کہ اب ہم پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں جیسے ہیضہ اور ڈینگی کی وجہ سے صحت کے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ زمینی نظام درہم برہم ہونے کے باعت امداد نہیں پہنچ پا رہی اور لوگ حکومتی امداد کے انتظار میں کھلے آسمان تلے زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ترجیحی بنیادوں پر خیمے اور طبی امداد فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

متاثرہ علاقوں میں خواتین کے صحت سے متعلق مسائل شدت اختیار کرتے جا رہے ہیں ، تقریباً 650,000 حاملہ خواتین کو فوری زچگی کی سہولت کی فراہمی ناگزیر ہے جن میں سے 73,000 کی آئندہ ماہ پیدائش متوقع ہے۔ فرانسیسی سفیر نکولس گیلے نے تباہ کن سیلاب کی وجہ سے ہونے والے جانی نقصان پر تعزیت اور گہرے افسوس کا اظہار کیا اور اس مشکل وقت میں فرانسیسی حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔