لاہور۔15فروری (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئرنائب صدراور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ شیزہ فاطمہ خواجہ کی قیادت میں پرائم منسٹر یوتھ پروگرام بہت ترقی کر رہا ہے۔بدھ کو جاری بیان کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کی زیر صدارت پارٹی کی نوجوان قیادت کا اجلاس لاہور میں ہوا۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شیزہ فاطمہ خواجہ نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ شیزہ فاطمہ خواجہ نے مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر کو پرائم منسٹر یوتھ پروگرام میں ان کی قیادت میں اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔
معاون خصوصی نے کہا کہ وزیر اعظم کی یوتھ لون سکیم کو 17 جنوری کو وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی طرف سے شروع کرنے کے بعد سے اب تک 70,000 کاروباری افراد کی جانب سے درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ نیشنل انوویشن ایوارڈ نوجوانوں کو نہ صرف ان کے کاروباری آئیڈیاز میں سرمایہ کاری کرنے کا موقع فراہم کر رہا ہے بلکہ پاکستان بھر میں اپنے بوٹ کیمپوں کے ذریعے انہیں بنیادی تربیت بھی فراہم کر رہا ہے۔
نیشنل انوویشن ایوارڈ پروگرام کے ذریعے منتخب ہونے والے ہر فرد کو 20 لاکھ تک کی گرانٹ فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یوتھ پروگرام کے تحت 1 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کئے جائیں گے، جن میں سے 14000 بلوچستان کے مستحق نوجوانوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔شیزہ فاطمہ نے کہاکہ ان کی بنیادی ترجیح روزگار کی طلب اور رسد کے درمیان فرق کو ختم کرنا ہے اور اس کو پورا کرنے کے لیے وہ اور ان کی ٹیم نے سب سے مشاورت کی اور ایک’’نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی‘‘ تیار کی ہے۔
اس ’’نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی‘‘ کی روشنی میں مزید پیشرفت اور اقدامات کو ڈیزائن اور عمل کیاجائے گا۔سینئر نائب صدر پاکستان مسلم لیگ ن مریم نواز نے معاون خصوصی کی ملک کے نوجوانوں کے لیے کوششوں اور عزم کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا اثاثہ ہیں اور ہمیں اپنے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ چیف آرگنائزر نے پرائم منسٹر لون سکیم کو دوبارہ شروع کرنے کو بھی سراہا اور اس کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔