فیصل آباد۔ 23 فروری (اے پی پی):فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد عامر نے کہا کہ صارفین کومزید بہتر سہولیات کی فراہمی اور ان کی بجلی سے متعلقہ ہمہ قسم کی شکایات کے فوری ازالہ کیلئے تمام اقدامات کئے جارہے ہیں جبکہ صارفین کو ان کی دہلیز پر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے نیزان کی شکایات کے فوری اندراج اورازالہ کیلئے ہیلپ لائن 118اور ایس ایم سروس 8118بھی چوبیس گھنٹے کام کررہی ہے۔
علاوہ ازیں موبائل ایپ "فیسکو لائٹ”کے ذریعے صارفین کو نئے کنکشن،لوڈ کی تبدیلی،نام کی تبدیلی سمیت دیگر سروسز تک رسائی بھی نہایت آسان بنادی گئی ہے اور وہ ایک کلک پر یہ سہولیات گھر بیٹھے حاصل کررہے ہیں۔ فیسکو ہیڈکوارٹرزفیصل آباد میں فیس بک پر منعقدہ ای کچہری کے موقع پرانہوں نے کہا کہ وزارت توانائی(پاورڈویژن) کی ہدایت پرفیسکو میں ای کچہریوں کا انعقاد باقاعدگی سے جاری ہے جس میں فیسکو ریجن کے چھ آپریشن سرکلز کے صارفین اپنی شکایات سے فیسکو انتظامیہ کو آگاہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ای کچہری میں آنے والی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیاجارہا ہے اور اس سے فیسکو کو بھی اپنی خدمات میں مزید بہتری لانے کا موقع مل رہا ہے۔
چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد عامر نے کہا کہ فیسکو اپنے صارفین کو کوالٹی سروس کی فراہمی پر عمل پیرا ہے اور مستقبل میں بھی مزیدصارف دوست پالیسیاں بنائی جارہی ہیں جن سے صارفین اور فیسکو سٹاف کے مابین رابطوں اور اعتماد کی فضا قائم ہوگی۔انہوں نے کہا کہ صارفین کے بجلی سے متعلقہ مسائل کا ان کی دہلیز پر فوری حل اوربجلی کی بلاتعطل فراہمی فیسکو کی اولین ترجیح ہے اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
اس موقع پرانہوں نے صارفین سے اپیل کی کہ وہ اپنے گردونواح میں کہیں بھی بجلی چوری کی واردات دیکھیں تو اس کی فوری اطلاع دیں تاکہ ان کے خلاف فوری کارروائی کرکے اس مکروہ قومی جرم میں ملوث بجلی چوروں کا خاتمہ کیاجاسکے۔فیس بک پر منعقدہ ای کچہری میں فیسکو ریجن کے آٹھ اضلاع فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ، سرگودھا، میانوالی، بھکر، ٹوبہ ٹیک سنگھ اورخوشاب کے صارفین نے چیف ایگزیکٹو فیسکوکو نئے کنکشنز کے جلداجرا،ایل ٹی وایچ ٹی پروپوزلز،،ٹوفیزٹرانسفارمرزاورخراب میٹروں کی تبدیلی سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔
صارفین کی طرف سے پیش کی گئی مختلف شکایات پر چیف ایگزیکٹو فیسکو نے متعلقہ افسران کو ان مسائل کے جلد حل اوراس کی مکمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔اس موقع پر جنرل منیجر (آپریشن) میاں محمدرفیق، چیف انجینئر (سی ایس) انجینئرصدف ناز، ڈی جی (ایڈمن) اطہر ایوب چوہدری، ایڈیشنل ڈی جی (پی آر) طاہر شیخ، ڈائریکٹر سی ایس اقبال خان نیازی،پی ڈی کنسٹرکشن ابراراحمد،ڈائریکٹر سی سی اینڈ بی عبدالحئی،سٹاف آفیسر عابد رشیداور ڈپٹی ڈائریکٹر 118علی عمران بھی موجود تھے۔