فیصل آباد ۔ 31 مارچ (اے پی پی):چیئرمین فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی ( فیسکو)ملک تحسین اعوان نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں صارفین کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے فیلڈ سٹاف ہمہ وقت کوشاں ہے۔
فیسکو سٹاف صارفین کے بجلی سے متعلقہ مسائل کے فوری حل کو فوقیت دیں تاکہ روزہ دار اپنی عبادات احسن طریقے سے انجام دے سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ رات گئے مسلم ٹاؤن سب ڈویژن کے علی ٹاؤن فیڈر پر فالٹ سائیٹ کے اچانک دورہ کے موقع پر کیا۔ تفصیلات کے مطابق شدید بارش اور آندھی کے باعث مسلم ٹاؤن سب ڈویژن کے علی ٹاؤن فیڈر پر فالٹ آنے کی وجہ سے ملحقہ علاقے میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی جس پر چیئرمین فیسکورات گئے فوری طور پر اپنی ٹیم کے ہمراہ فیڈر پر فالٹ کی سائیٹ پر پہنچ گئے۔ایس ڈی او مسلم ٹاؤن سب ڈویژن واجدالرحمان آپریشن سٹاف کے ہمراہ موقع پرموجود تھااورفیلڈ سٹاف فالٹ کو ٹھیک کرنے میں مصروف عمل تھا۔
اس موقع پرانہوں نے مذکورہ فیڈرپرفالٹ کے بعد عملے کی طرف سے فوری پٹرولنگ اور بحالی کا کام کرنے پر انہیں شاباش دی سٹاف کی بروقت کاوشوں سے بجلی بحالی کے عمل کو سراہا اورایس ڈی او مسلم ٹاؤن سب ڈویژن اور فالٹ سائیٹ پر کام کرنے والے سٹاف کو تعریفی سرٹیفکیٹس دینے کا اعلان بھی کیا۔