ملتان ۔ 12 جون (اے پی پی):چیف انجینئر(ڈویلپمنٹ) پی ایم یو میپکو انجینئر زاہد اختر نے کہا ہے کہ صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا ئے جارہے ہیں۔جنوبی پنجاب میں بجلی کے تقسیمی نظام کی اپ گریڈیشن اور استعدادکار میں توسیع کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ملتان میں نیوملتان۔قاسم پور سرکٹ کے ”ان /آؤٹ“کنکشنوں کے لئے 3کروڑروپے سے زائد لاگت سے 2نئی لائن بے (Line Bays) تعمیر کی گئی ہیں۔ اس منصوبے کی تکمیل 21جون 2025ء کو ہو گی اور 132KV استعداد کار کی موجودہ ٹرانسمیشن لائن مزید مضبوط ہوجائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیوملتان۔
قاسم پورٹرانسمیشن لائن کی توسیعی منصوبے کا جائزہ لینے کے لئے 132KVوہاڑی روڈ گرڈ اسٹیشن کا دورہ کے موقع پر کیا ۔انہوں نے نئی تعمیر شدہ لائن اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیااور تفصیلی جائزہ لیا۔ ایڈیشنل چیف انجینئر جی ایس سی سید محمد مبشررضوی نے کہا کہ اس توسیعی منصوبے کا مقصد موجودہ سرکٹ پر بڑھتے ہوئے لوڈ کو مؤثر طریقے سے تقسیم کرنا اور اوورلوڈنگ کے باعث پیدا ہونے والی تکنیکی رکاوٹوں کو دور کرنا ہے۔ نئی لائن کی تنصیب سے نہ صرف سسٹم کی کارکردگی میں بہتری آئے گی بلکہ مستقبل میں لوڈ شیئرنگ بھی متوازن انداز میں ممکن ہو سکے گی۔
انہوں نے بتایاکہ نئی لائن کے ساتھ پروٹیکشن اور کنٹرول سسٹمز کی تنصیب بھی مکمل ہو چکی ہے، جب کہ پری کمیشننگ ٹیسٹ جلد کئے جائیں گے۔چیف انجینئر نے کام کے معیار اور رفتارکو تسلی بخش قرار دیا اور کہا کہ یہ منصوبہ بجلی کے نظام کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
P