28.8 C
Islamabad
اتوار, مئی 11, 2025
ہومقومی خبریںصارفین کو بجلی کے بلوں کی مد میں مجموعی طور پر 65...

صارفین کو بجلی کے بلوں کی مد میں مجموعی طور پر 65 ارب روپے کا ریلیف فراہم کیا گیا، وفاقی وزیر بجلی خرم دستگیر خان

- Advertisement -

اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر بجلی خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ صارفین کو بجلی کے بلوں کی مد میں مجموعی طور پر 65 ارب روپے کا ریلیف فراہم کیا گیا، مستقبل میں درآمدی ایندھن سے بجلی کا ایک یونٹ بھی پیدا نہیں کیا جائے گا، آنے والے موسم گرما میں تھرکول سے قومی گرڈ کو 2640 میگاواٹ بجلی کی فراہمی کی جائے گی۔

بدھ کو قومی اسمبلی میں ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، مولانا عبدالاکبر چترالی اور دیگر ارکان کی جانب سے اگست کے زیادہ بلوں سے متعلق توجہ مبذول نوٹس پر وفاقی وزیر خرم دستگیر خان نے ایوان کو بتایا کہ اگست کے زیادہ بلوں پر صارفین نے پریشانی کا اظہار کیا ہے، اگست کا بل جولائی میں استعمال شدہ بجلی کا ہے جبکہ فیول کاسٹ جون کے مہینے کی تھی، فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ 09.89 پیسے جون کے مہینے کی لگائی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ پچھلے ماہ کے حساب سے لگایا جاتا ہے۔

- Advertisement -

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر کیٹگری ون اور ٹو کے فیڈرز پر لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم رہا اور صارفین کو ریلیف بھی فراہم کیا گیا، یوکرین بحران کی وجہ سے جون میں ایندھن کی قیمتیں بلند ترین سطح پر تھیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے زیادہ بلوں اور فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی زیادہ شرح کا نوٹس لے کر اعلان کیا کہ لائف لائن صارفین پر کوئی ایف پی اے لاگو نہیں ہوگا، وزیراعظم نے سالانہ 200 یونٹ اوسط کے بل پر ریلیف فراہم کیا جس سے وزارت توانائی پر 13.3 ارب روپے کا بوجھ پڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسانوں اور 300 یونٹس کے صارفین کو بھی ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔ اگست کے بلوں میں 300 یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین اور زرعی صارفین کو تقریباً 35 ارب کا ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسی ہے کہ مہنگی بجلی کم مقدار میں بنائی جائے۔ حالیہ دنوں میں تیل کی قیمت میں کمی ہوئی ہے، ڈالر کی قدر بھی گر رہی ہے، مجھے خوشی ہو رہی ہے کہ اس ماہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ اب صرف 22 پیسے رہ گئی ہے۔ اس سے صارفین کو بڑا ریلیف محسوس ہوگا۔ وزیراعظم کی ہدایت پر فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں خیبرپختونخوا، جنوبی پنجاب اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کے بلوں میں ریلیف دیا گیا ہے۔ بجلی صارفین کو اگست میں 37 ارب ، ستمبر میں 15 ارب اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 17 ارب کا ریلیف دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اب تک 65 ارب کا ریلیف دے چکے ہیں، کوشش ہوگی کہ صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔ سید خورشید شاہ نے کہا کہ ان کے گھر کا بل 33 ہزار روپے ہے اور اس پر دو لاکھ 74 ہزار فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں آئے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کسانوں اور زراعت کے شعبہ کے صارفین کو ریلیف فراہم کیا گیا ہے، جن لوگوں نے بل ادا کئے تھے انہیں نئے بل میں ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ سائرہ بانو کے سوال پر انہوں نے ایوان کو بتایا کہ تھرکول کی کوالٹی کا تعین حرارتی یونٹ کی بنیاد پر ہوتا ہے۔

تھرکول کے حرارتی یونٹ بین الاقوامی طور پر مروجہ معیار سے کم ہیں، اسی معیار کے مطابق 2019ء میں 660 میگاواٹ کا پاور پلانٹ شروع کیا گیا، 330 میگاواٹ کے ایک اور پلانٹ کا افتتاح ہوگیا ہے جبکہ عنقریب 330 میگاواٹ کا ایک اور پلانٹ بھی کام شروع کردے گا۔ اگلے سال سے تھر کا ریگستان 2640 میگاواٹ بجلی دے گا۔ یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم نے اسے گیم چینجر منصوبہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ پر ٹیکس سے متعلق معاملہ کا جائزہ لیا جارہا ہے، اس معاملہ پر قائمہ کمیٹی میں بھی بحث ہوگی۔

مولانا عبدالاکبر چترالی کے سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ مختلف حکومتوں کے ادوار میں فیول کی قیمت کی بنیاد پر معاہدے اور فیصلے کئے گئے ہیں۔ 2022ء میں یوکرین پر روس کے حملے کے بعد شہباز شریف اور ان کی کابینہ کی پالیسی ہے کہ اب ملک میں لگنے والا بجلی کا ہر کارخانہ داخلی ایندھن پر مبنی ہوگا۔ مستقبل میں درآمدی ایندھن سے بجلی کا ایک یونٹ بھی پیدا نہیں کیا جائے گا۔

مستقبل میں سولر، ونڈ، ہائیڈل، نیوکلیئر اور تھرکول سے بجلی پیدا کی جائے گی۔ سپیکر نے کہا کہ یہ اہم ترین عوامی ایشو ہے، مجھے احساس ہے کہ وفاقی وزیر اچھی طرح سے معاملات کو دیکھ رہے ہیں۔ میری خواہش ہے کہ ارکان پارلیمان بھی اس میں اپنا کردار ادا کریں اس لئے یہ معاملہ میں قائمہ کمیٹی کے سپرد کر رہا ہوں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=332289

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں