صارفین کو بروقت ریلیف فراہم کرنا گیپکو کی اولین ترجیح ہے،سردار جمشید خان

سپرنٹنڈنٹ انجینئر گیپکو سرکل سیالکوٹ انجینئر سردار جمشید خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک کے ذریعے براہِ راست کھلی کچہری کا انعقاد کیا

سیالکوٹ۔ 15 جولائی (اے پی پی):سپرنٹنڈنٹ انجینئر گیپکو سرکل سیالکوٹ انجینئر سردار جمشید خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک کے ذریعے براہِ راست کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں انہوں نے صارفین کی شکایات سُنیں اور موقع پر احکامات جاری کیے۔ کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے اوور بلنگ، کم وولٹیج، لوڈشیڈنگ اور میٹرز سے متعلق مختلف مسائل پیش کیے، جن پر فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کی گئیں۔ متعدد شکایات کو موقع پر ہی حل کر دیا گیا جبکہ باقی مسائل کے جلد ازالے کی یقین دہانی کروائی گئی۔

اس موقع پر انجینئر سردار جمشید خان نے کہا کہ صارفین کو بروقت ریلیف فراہم کرنا گیپکو کی اولین ترجیح ہےاور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام اور ادارے کے درمیان فاصلے کم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آن لائن کھلی کچہری جیسے اقدامات سے نہ صرف شفافیت میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ عوام کا اعتماد بھی بحال ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس آن لائن سیشن سے شہریوں کو گھر بیٹھے اپنی شکایات پیش کرنے اور فوری حل حاصل کرنے کا موقع ملا، جسے عوامی حلقوں کی جانب سے بھرپور سراہا گیا۔

عوام نے امید ظاہر کی کہ گیپکو آئندہ بھی اسی طرح کے اقدامات جاری رکھے گا تاکہ صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

 

مزید خبریں