ملتان۔ 04 اگست (اے پی پی):جنرل منیجر آپریشن میپکو انجینئر چوہدری خالد محمود نے کہا ہے کہ صارفین کو بہتر وولٹیج کے ساتھ بلا تعطل بجلی کی فراہمی محکمہ کی اولین ترجیح ہے۔ مون سون سیزن میں بارشوں سے متاثر ہونے والے فیڈرز کی جلد از جلد بحالی کے لیے تمام متعلقہ شعبوں کو باہمی رابطے میں رہنا ہوگا تاکہ بجلی کی بندش کا دورانیہ کم سے کم رکھا جا سکے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ملتان کینٹ کے علاقے میں میسکو گرڈ اسٹیشن سے منسلک فیڈرز کے مرمتی کام کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری خالد محمود نے ہدایت کی کہ گرڈ اسٹیشن سے بریک ڈاؤن یا ٹرپ ہونے والے فیڈرز کی فوری اطلاع متعلقہ سب ڈویژنز کو دی جائےتاکہ مرمتی کام بروقت شروع کیا جا سکے۔ ایس ڈی اوز اور لائن سپریٹنڈنٹس باقاعدہ پرمٹ حاصل کرکے فیلڈ میں مکمل سیفٹی ایس او پیز کے تحت کام انجام دیں، کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ موسمی حالات کے تناظر میں آپریشن، کنسٹرکشن، جی ایس او اور جی ایس سی کے افسران و عملے کو ایک دوسرے سے مسلسل رابطے میں رہنا ہوگا۔ مقررہ وقت پر پرمٹ منسوخ کرکے بجلی بحال کی جائے۔ایگزیکٹو انجینئر آپریشن میپکو کینٹ ڈویژن بابرعلی گجر کو ہدایت کی گئی کہ ملتان کینٹ اوردیگرعلاقوں میں تسلسل کے ساتھ بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے دو فیز پر چلنے والے تمام ٹرانسفارمرزکوبیلنس کیا جائے اور زیادہ لوڈ والے فیڈرزکا لوڈ دوسرے فیڈرز پرمنتقل کیا جائے۔کینٹ،حسن پروانہ،انڈسٹریل اسٹیٹ اورنواں شہرسب ڈویژنوں میں لوٹینشن اسکیموں اورفیڈرزکی بائفرکیشن کے کیسز فوری طور پرتیارکرکے ان کی منظوری لی جائے تاکہ کام جلد شروع کیا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملتان سرکل کے سیفٹی سیل کی ٹیمیں فیلڈ میں مسلسل چیکنگ کریں اورسیفٹی ایس او پیزکی خلاف ورزی پرسخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔ایس ڈی اوز اورلائن سپرنٹنڈنٹس فیلڈ میں مرمتی کاموں کی براہ راست نگرانی کریں۔