اسلام آباد۔11جون (اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ و محصولات مفتاح اسماعیل نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ملائیشیا اور انڈونیشیا سے خوردنی تیل کی درآمد کے عمل کو تیز کریں تاکہ صارفین کےلئے اس کی آسان فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے اور اس کی قیمتوں میں استحکام رکھا جا سکے۔
ہفتہ کو وزارت خزانہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے خوردنی تیل کی دستیابی سے متعلق کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار سید مرتضیٰ محمود، وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین،وزارت صنعت وپیداوار اور تجارت کے سیکرٹریز، وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے نمائندوں اور سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔
اس موقع پر سیکرٹری صنعت نے کمیٹی کو ملک میں خوردنی تیل کے سٹاک کی صورتحال سے آگاہ کیا اور انڈونیشیا اور ملائیشیا سے خوردنی تیل کی درآمد کی صورتحال سے آگاہ کیا، ملک میں خوردنی تیل کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور اس ماہ کے دوران ملائیشیا اور انڈونیشیا سے خوردنی تیل کے ٹینکرز پہنچنے سے اسٹاک کی پوزیشن بہتر ہوگی اور قیمت کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔
یہ بھی بتایا گیا کہ اس سلسلے میں وفاقی وزیر صنعت و پیداوار انڈونیشیا کے حکام سے اہم بات چیت کے لیے انڈونیشیا روانہ ہو رہے ہیں۔ دریں اثناء رانا تنویر حسین نے وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے کہا کہ وہ اپنی قیمتوں پر نظر ثانی کریں اور عام آدمی کے لئے قیمتوں کو کم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=311990