صارفین کو معیاری سروسز کی فراہمی اولین ترجیح ہے ، آئیسکو چیف

121

اسلام آباد۔5دسمبر (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) ڈاکٹر محمد امجد خان نے کہا ہے کہ صارفین کو معیاری سروسز کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ 100فیصددرست اور بروقت میٹر ریڈنگ اور صارفین تک بجلی بلوں کی بروقت ترسیل پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اگر کسی افسر یا سٹاف کے بارے میں ایسی شکایات موصول ہوئیں تو ان کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی ، کسی بھی ادارے کی کامیابی کا پیمانہ اس ادارے پر صارفین کا اطمینان اور کارکردگی سے مطمئن ہونا ہے۔

افسران و عملے سے خطاب کرتے ہوئےڈاکٹر محمد امجد خان نے کہا کہ آئیسکو کا شمار ان اداروں میں ہوتا ہے جس کی انتظامیہ نے صارفین تک بہترین سروسز کی فراہمی کو ہمیشہ ترجیح دی ہے اور اس مقصد کے لیے صارفین کو معلومات کے حصول اور شکایات کے اندراج کے لیے مختلف فورمز جیسا کہ ایس ڈی آفس، ریونیو دفاتر، کسٹمر سروسز سینٹر اور مختلف ڈیجیٹل ایپ فراہم کیں ہیں،آئیسکو کا نام خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں۔انہوں نے کہاکہ ماہ اگست میں آئیسکو کی درست میٹر ریڈنگ کی شرح 99 فیصد،ستمبر میں95 فیصدجبکہ اکتوبر2023میں97فیصد تھی جس کو ہم نے 100فیصد تک لے کر آنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صارفین کو معیاری سروسز مہیا کر کے ہم نہ صرف انکا اعتماد حاصل کر سکتے ہیں بلکہ اللہ کی مخلوق کو خوش کر کے اللہ کا قرب بھی حاصل کر سکتے ہیں۔خراب اور ڈفیکٹو میٹرز کو کم سے کم وقت میں تبدیل کیا جائے کیوں کہ اس سلسلے میں صارفین کی کافی زیادہ شکایات موصول ہو رہی ہیں۔

آئیسکو چیف نے صارفین سے درخواست کی کہ وہ کسی بھی کام کے سلسلے میں کسی بھی افسر و سٹاف کو کیش ہر گز نہ دیں کیوں کہ ہر کام کے لیے ڈیمانڈ نوٹس کا اجراء کیا جاتا ہے اور اس سلسلے میں کوئی بھی افسر و سٹاف ان سے رقم کامطالبہ کرے تو اس کی اطلاع آئیسکو چیف ایگزیکٹو واٹس اپ نمبر0319-5991412، آئیسکو ہیلپ لائن نمبر118یا کمپلینٹ اینڈ مانیٹرنگ سیل کے نمبرز 0519252933-34 پر دیں کیو نکہ اداروں سے کرپشن کو عوام کی مدد سے ہی ختم کیا جا سکتا ہے۔