صارفین کو پمپس اور کمپریسرز کے ذریعے گیس کی فراہمی سے محروم کرنے والے عناصر کے خلاف موثر کارروائی کے بعد کراچی میں گیس کا پریشر بہتر ہو گیا ہے، حماد اظہر

66

اسلام آباد۔7فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ صارفین کو پمپس اور کمپریسرز کے ذریعے گیس کی فراہمی سے محروم کرنے والے عناصر کے خلاف موثر کارروائی کے بعد کراچی میں گیس کا پریشر بہتر ہو گیا ہے۔

پیر کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں مختلف صنعتی یونٹس میں نصب غیر قانونی پمپس اور کمپریسرز کے خلاف آپریشن کیا گیا ہے جس کی وجہ سے گیس کے پریشر میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی پمپس کے استعمال سے نہ صرف پورے علاقے گیس سے محروم ہو جاتے ہیں بلکہ یہ گیس چوری کا بھی سبب بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی پمپس اور کمپریسرز استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔

سوئی سدرن گیس کمپنی ( ایس ایس جی سی )نے حال ہی میں تقریباً 15 بڑے صنعتی یونٹس میں غیر قانونی کمپریسرز کے استعمال کا سراغ لگایا تھا جبکہ ان کو 30 کروڑ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔