صارفین کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں گزشتہ ہفتہ کے دوران چینی اور ایل پی جی سمیت 5 ضروری اشیا کی قیمتوں میں کمی ،22 میں استحکام رہا

58
ادارہ برائے شماریات

اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):ملک میں صارفین کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ (ایس پی آئی) میں گزشتہ ہفتہ کے دوران چینی اورایل پی جی سمیت 5ضروری اشیا کی قیمتوں میں کمی اور22 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

پاکستان بیوروبرائے شماریات(پی بی ایس) کی جانب سے افراط زربارے ہفتہ واررپورٹ کے مطابق 9 ستمبرکو ختم ہونے والے ہفتہ کے دوران رومرہ استعمال کی 5 ضروری اشیا کی قیمتوں میں کمی اور22 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

ہفتہ رفتہ میں ایل پی جی کی قیمت میں 2.59 فیصد، ، چینی کی قیمت میں 0.28 فیصد ، اری چاول 0.59 فیصد، دال مونگ 0.44 فیصد اور کیلے کی قیمت میں 3.09 فیصدکمی ریکارڈکی گئی۔ اس عرصہ کے دوران پیاز کی قیمت میں 23.35 فیصد، ٹماٹر20.38 فیصد، چکن 7.67 فیصد، آٹا 4.97 فیصد، انڈے 3.83 فیصد، دال مسور2.04 فیصد، لہسن وآلو 1.34 فیصد، بناسپتی گھی 1.32 فیصد، واشنگ سوپ 1.29 فیصد، 5 لیٹرکوکنگ آئل 1.22 فیصد اوربڑے گوشت کی قیمت میں 1.11 فیصد کااضافہ ہوا جس سے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں ہفتہ واربنیادوں پر مجموعی طورپر1.37 فیصد کی نمو ہوئی۔

گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں گزشتہ ہفتہ میں آلو کی قیمت میں 26.32 فیصد، دال مونگ 25.24 فیصد اور ٹماٹرکی قیمت میں 6.68 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق سب سے کم یعنی 17732 روپے ماہوارآمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے گزشتہ ہفتہ کے دوران قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 1.60 فیصدکااضافہ ہواہے،17733 روپے سے لیکر22888 روپے، 22889 روپے سے لیکر29517 روپے، 29518 روپے سے لیکر44175 روپے، 44176 روپے اوراس سے زیادہ ماہوارآمدنی رکھنے والے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں گزشتہ ہفتہ کے دوران بالترتیب 1.66 فیصد، 1.57 فیصد، 1.52 فیصد اور1.20 فیصٖدکااضافہ ہواہے۔

گزشتہ ہفتہ میں مشترکہ آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ (ایس پی آئی) میں گزشتہ سے پیوستہ ہفتہ کے مقابلہ میں مجموعی طورپر1.37 فیصد کااضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔ایس پی آئی کاتعین ملک کے 17 شہروں کی 50 بڑی مارکیٹوں میں روزمرہ استعمال کی 51 اشیا کی قیمتوں میں ردوبدل کی بنیادپرکیا جاتاہے۔