صارفین کی شکایات کے فوری اندراج وازالے کےلئے ہیلپ لائن اور ایس ایم ایس سروس چوبیس گھنٹے کام کررہی ہیں ،چیف ایگزیکٹوفیسکو

130

فیصل آباد۔ 25 فروری (اے پی پی):فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد عامر نے کہا ہے کہ صارفین کومزید بہتر سہولیات کی فراہمی اور ان کی بجلی سے متعلق شکایات کے فوری ازالے کےلئے تمام اقدامات کئے جارہے ہیں ، ان کی شکایات کے فوری اندراج کے لیے ہیلپ لائن 118اور ایس ایم سروس 8118بھی چوبیس گھنٹے کام کررہی ہے،علاوہ ازیں موبائل ایپ فیسکو لائٹ کے ذریعے صارفین کو نئے کنکشن،لوڈ کی تبدیلی،نام کی تبدیلی سمیت دیگر سروسز تک رسائی بھی نہایت آسان بنادی گئی ہے اور وہ ایک کلک پر یہ سہولیات گھر بیٹھے حاصل کررہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ فیسکو میں کھلی کچہریوں کا انعقاد باقاعدگی سے جاری ہے جس میں ریجن کے چھ آپریشن سرکلز کے صارفین اپنی شکایات سے انتظامیہ کو آگاہ کرتے ہیں، ای کچہری میں آنے والی شکایات کو بھی ترجیحی بنیاد پر حل کیاجاتا ہے ، اس سے فیسکو کو بھی اپنی خدمات میں مزید بہتری لانے کا موقع مل رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فیسکو اپنے صارفین کو کوالٹی سروس کی فراہمی پر عمل پیرا ہے اورصارف دوست پالیسیاں بنائی جارہی ہیں جن سے صارفین اور فیسکو سٹاف کے درمیان رابطوں و اعتماد کی فضا قائم ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ صارفین کے بجلی سے متعلقہ مسائل کا ان کی دہلیز پر فوری حل اوربجلی کی بلاتعطل فراہمی فیسکو کی اولین ترجیح ہے اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے صارفین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے گردونواح میں کہیں بھی بجلی چوری کی واردات دیکھیں تو اس کی فوری اطلاع دیں تاکہ ان کے خلاف کارروائی کرکے اس مکروہ قومی جرم میں ملوث افراد کا خاتمہ کیاجاسکے۔