فیصل آباد۔ 23 جنوری (اے پی پی):فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کیچیئرمین ملک تحسین اعوان نے کہا کہ صارفین کی شکایات کے فوری اور ترجیحی بنیادوں پر ازالے اوران کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے ساتھ ساتھ ہمہ قسم کی خدمات کی فراہمی کیلئے کسی قسم کی کسراٹھا نہ رکھی جائے،صارفین کی بجلی سے متعلقہ کوئی شکایت زیرالتوا نہیں ہونی چاہیے،غفلت اور سستی برتنے والے ملازمین کے خلاف سخت محکمانہ ایکشن لیاجائے گا۔
ناظم آباد ڈویژن کے اچانک دورہ کے موقع پرانہوں نے کہا صارفین کو بہترین کسٹمر سروسزکی فراہمی کیلئے جدید ترین سہولتوں سے مزین کسٹمر سروسز سنٹر کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جس سے صارفین کی شکایات کا ازالہ زیادہ بہترین انداز اور تیزی کے ساتھ ہوگا۔صارفین کی شکایات میں کمی آئے گی اور فیسکوکی سروسز میں مزید بہتری آنے سے صارفین کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔
چیئرمین فیسکوملک تحسین اعوان نے سرکل افسران کو ہدایت کی کہ فیسکو کے نادہندگان سے کسی قسم کی کوئی رعایت نہ برتی جائے اور ان سے محکمہ کے واجبات کی پائی پائی وصول کی جائے۔فیسکو ڈیفالٹرز محکمہ کی ریکوری میں بڑی رکاوٹ ہیں جن کے خلاف بھرپور مہم چلائی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ فیسکو ریکوری ٹیمیں گھر گھر جا کر صارفین سے واجبات کی وصولی کررہی ہیں جبکہ ڈیڈ ڈیفالٹرز کے خلاف بھی سخت محکمانہ اور قانونی کارروا ئی عمل میں لائی جارہی ہے۔
ملک تحسین اعوان نے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف بھی سخت کریک ڈاؤن جاری ہے اور فیسکو ٹیمیں بلاامتیاز صارفین کے کنکشنز چیک کررہی ہیں اور بجلی چوری میں ملوث گھریلو، زرعی،صنعتی اور کمرشل صارفین کے میٹرز اور دیگر تنصیبات موقع سے اتاری جارہی ہیں اور ان کو بھاری جرمانوں کے ساتھ ان کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے مقدمات کا اندراج بھی کروایاجارہا ہے۔
اس موقع پر چیئرمین فیسکوملک تحسین اعوان نے کمپلینٹ سنٹر کا دورہ کیا اور صارفین کی سہولت کیلئے فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا اورصارفین بجلی کے مسائل بھی سنے۔انہوں نے شکایات رجسٹر چیک کیا اور صارفین کی شکایات اور ان کے ازالے کیلئے کئے گئے اقدامات کوچیک کیا اور وہاں موجود عملے سے سوالات بھی کئے۔انہوں نے فیسکو سٹاف کو ہدایت کی کہ صارفین کی شکایات کے ازالے کے بعد ان سے فیڈبیک بھی لیا جائے۔
دریں اثناسپرنٹنڈنگ انجینئر سیکنڈسرکل وقاص بیگ اور ایکسین ناظم آباد ڈویژن شیراز شیخ نے چیئرمین فیسکو کو بجلی چوری کے خلاف جاری خصوصی مہم اور ریکوری کے حوالے سے بریفنگ دی اور بتایا کہ روزانہ کی بنیادوں پر بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں بھی جاری ہیں جبکہ ریکوری ٹیمیں فیسکو کے رننگ اور ڈیڈ ڈیفالٹرز سے واجبات کی وصولی کیلئے فیلڈ میں سرگرم عمل ہیں۔