اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):صارفین کے لئے قیمتوں کے اشاریہ (سی پی آئی) میں ماہ اکتوبر کے دوران ماہانہ بنیادوں پر 4.7فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے جاری ماہانہ رپورٹ کے مطابق صارفین کے لئے قیمتوں کے اشاریہ (سی پی آئی) میں ستمبر کے مقابلہ میں اکتوبر میں 4.7 فیصدکا اضافہ ریکارڈکیا گیا جبکہ ستمبر میں قیمتوں کے اشاریے میں 1.2 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق سی پی آئی میں سالانہ بنیادوں پر 26.6 فیصد کی نمو ریکارڈکی گئی ۔شہری علاقوں میں صارفین کے لئے قیمتوں کے اشاریہ میں سالانہ بنیادوں پر 24.6فیصد کی نمو ریکارڈکی گئی ہے۔ ستمبر میں شہری علاقوں میں صارفین کے لئے قیمتوں کے اشاریہ میں سالانہ بنیادوں پر 21.2 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی تھی۔
دیہی علاقوں میں صارفین کے لئے قیمتوں کے اشاریہ میں سالانہ بنیادوں پر 29.5فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی۔ ستمبر میں دیہی علاقوں میں صارفین کے لئےقیمتوں کے اشاریے میں 26.1 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ صارفین کے لئے قیمتوں کے حساس اشاریہ (ایس پی آئی) اکتوبر کے دوران سالانہ بنیادوں پر 24 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔
ستمبر میں صارفین کے لئے قیمتوں کے حساس اشاریے میں 28.6 فیصدکی نمو ریکارڈکی گئی تھی تاہم صارفین کے لئےقیمتوں کے حساس اشاریے میں ستمبر کے مقابلہ میں اکتوبر میں 1.5 فیصد کی کمی دیکھنے میں آئی۔ ہول سیلز پرائس انڈیکس میں اکتوبر کے دوران سالانہ بنیادوں پر 32.6فیصد کا اضافہ ریکارڈکیاگیا۔ ستمبر میں ہول سیلز پرائس انڈیکس میں 38.9فیصد کا اضافہ ہوا تھا تاہم ستمبر کے مقابلہ میں اکتوبر میں ہول سیلز پرائس انڈیکس میں ماہانہ بنیادوں پر 0.5 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔
شہری علاقوں میں نان انرجی افراط زر میں اکتوبر کے دوران سالانہ بنیادوں پر 14.9 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا جبکہ دیہی علاقوں میں اضافہ کی شرح 18.2 فیصد ہے۔ شہری علاقوں میں کورانفلیشن میں اکتوبر کے دوران 22 فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں 26.7فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔