43.3 C
Islamabad
جمعہ, جون 13, 2025
ہومعلاقائی خبریںصاف، سرسبز پائیدار ماحول نہ صرف موجودہ نسل بلکہ آنے والی نسلوں...

صاف، سرسبز پائیدار ماحول نہ صرف موجودہ نسل بلکہ آنے والی نسلوں کی بقاء کیلئے ناگزیر ہے،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

- Advertisement -

سیالکوٹ ،05 جون (اے پی پی):ورلڈ انوائرمنٹ ڈے کے موقع پر سیالکوٹ کے ایک مقامی تعلیمی ادارےمیں ایک پُروقار تقریب منعقد ہوئی ،جس میں سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس سال اقوامِ متحدہ کے تحت منائے جانے والے عالمی یومِ ماحولیات کا موضوع ’’پلاسٹک آلودگی کا خاتمہ‘‘ (Beat Plastic Pollution) تھا، جس پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ صاف، سرسبز پائیدار ماحول نہ صرف موجودہ نسل بلکہ آنے والی نسلوں کی بقاء کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی پلاسٹک آلودگی ہمارے دریا، زمین اور فضا کو آہستہ آہستہ زہر آلود بنا رہی ہے، جس کے تدارک کے لیے ہمیں انفرادی، اجتماعی اور حکومتی سطح پر فوری اور مؤثر اقدامات کرنے ہوں گے۔

انہوں نے طلبہ و طالبات کو ماحول دوست طرزِ زندگی اپنانے، شاپنگ میں پلاسٹک بیگز کے استعمال سے پرہیز، درخت لگانے اور روزمرہ زندگی میں ری سائیکلنگ کے اصولوں کو شامل کرنے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی ادارے شعور بیدار کرنے کے سب سے مؤثر مراکز ہوتے ہیں اور نوجوان نسل ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف جنگ میں صفِ اول کا کردار ادا کر سکتی ہے۔ تقریب کے دوران ’’ماحولیاتی تحفظ‘‘ کے موضوع پر مبنی تقاریر، مصوری کے مقابلے اور ایک علامتی واک کا بھی انعقاد کیا گیا، جبکہ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کالج میں شجرکاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے 100 پودے لگانے کا اعلان کیا۔میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث شدید چیلنجز کا سامنا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے ہمیں طرزِ زندگی میں تبدیلی لانا ہوگی۔

- Advertisement -

انہوں نے حکومت، اداروں، اساتذہ، والدین اور طلبہ سب کو مل کر ماحولیاتی تحفظ کی اس مہم میں اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ تقریب کا اختتام ’’صاف پاکستان، سرسبز پاکستان‘‘ کے نعرے کے ساتھ ہوا، جس نے شرکاء میں نیا جوش اور جذبہ پیدا کیا۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں