صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد صوبائی حکومت کا مینڈیٹ ہے، نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان

66
Mir Ali Mardan Khan Domki
Mir Ali Mardan Khan Domki

کوئٹہ۔ 24 ستمبر (اے پی پی):نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں مکمل طور پر بحالی امن اور حکومت کی رٹ برقرار رکھنے کے لئے تمام سیکورٹی ادارے پوری تندہی سے کام کررہے ہیں، ہماری بھرپور کوشش ہے کہ عام الیکشن کے لیے سازگار ماحول قائم کیا جائے ، صاف شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد صوبائی حکومت کا مینڈیٹ ہے، انتخابات کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کا کام ہے ،انتخابات کے پرامن اور شفاف انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن کی مکمل معاونت کریں گے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی وی پروگرام سیاسی احوال میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے نگران صوبائی حکومت کی ترجیحات ، درپیش مسائل اور حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات سمیت ناراض بلوچوں سے بات چیت اور دیگر امور پر کھل کر تبادلہ خیال کیا ،

انہوں نے مختلف سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان بجٹ کا لگ بھگ 75 فیصد حصہ غیر ترقیاتی امور تنخواہوں ، پنشن اور دیگر اخراجات میں خرچ ہوجاتا ہے جبکہ پچیس فیصد ترقیاتی منصوبوں کے لئے مختص کیا جاتا ،ان پچیس فیصد میں بھی وسائل کا درست استعمال نہیں کیا جاتا جس کی وجہ سے عوام آج بھی تعلیم ، صحت اور پینے کے صاف پانی سمیت بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ،ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہم تمام ناراض بلوچ رہنماؤں کو ایک بار پھر بات چیت کی دعوت دیتے ہیں کہ وہ آئیں قومی دھارے میں شامل ہوں ہم ان کیلئے موثر پالیسی مرتب کرانے کے لئے تیار ہیں ،

بلوچستان میں اسمگلنگ کی موثر روک تھام کیلئے وفاقی حکومت کے تعاون سے بھرپور کارروائی کررہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سرکاری نوکریاں بیچنے کی شکایات زبان عام پر رہی ہیں یہ صورتحال انتہائی غیر سنجیدگی ، خود غرضی اور لالچ پر مبنی رہی ہم نے آتے ہی دھڑا دھڑ بھرتیوں کے عمل کو روک دیا اور تمام انتظامی سیکرٹریزکو شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت کی لیکن اکثر محکمے اپنی کارروائی مکمل کر چکے تھے ،ہماری پوری کوشش ہے کہ بے ضابطگی نہ ہو اور حق دار کو اس کا حق ملے،

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات کا اعلان ہوتے ہی تمام سیاسی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس بلا کر صاف و شفاف انتخابات کے لیے انعقاد کے لیے اعتماد میں لیں گے ،نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمارے پاس جتنا بھی وقت ہے عوامی خدمات کی فراہمی کے اداروں میں مثبت اصلاحات لانے کی کوشش کریں گے اور آئندہ آنے والی حکومت نے ان اصلاحات کا تسلسل قائم رکھا تو بہتر ہوگا ورنہ وہ خود عوام کو جوابدہ ہوں گے۔