صاف ستھری قصابوں کی دکانوں پر دیدہ زیب تعارفی بورڈز نے میٹ مارکیٹ کو جدید دنیا کا بازار بنا دیا ہے،مریم نواز

79

لاہور۔6جون (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب نے لاہور میں عالمی معیار کی ‘میٹ مارکیٹ’ قائم کرنے کا وعدہ بھی پورا کر دیا۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے تاریخی ٹولٹن مارکیٹ میں پنجاب کی پہلی عالمی معیار کی ‘میٹ مارکیٹ کا دورہ کیا۔سینئر صوبائی وزیر نے 30جون تک تعمیراتی کام مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی۔سینئرصوبائی وزیرنے کہا کہ شہری گوشت، مچھلی اور کھانے پینے کی دیگر اشیا حفظان صحت کے عالمی معیار کے مطابق خرید سکیں گے۔

سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ملحقہ گندے نالے کو ڈھک کر بدبو کا خاتمہ کر دیاگیا ہے۔شہریوں نے دکانوں کو خوبصورت انداز میں قائم کرکے میٹ مارکیٹ کا نقشہ بدلنے پر خوش گوار حیرت اور مسرت کا اظہار کیا۔ ٹف ٹائلز کی تنصیب، غیر ضروری تاروں کا خاتمہ، جدید انفراسٹرکچر دیکھ کر گوشت مارکیٹ آنے والے شہریوں نے وزیراعلی مریم نواز کو خراج تحسین کیا۔ ٹولٹن مارکیٹ میں سیوریج سسٹم، ڈرینج اور ایگزاسٹ سسٹم نے بھی کام شروع کر دیا ہے، صاف ستھری قصابوں کی دکانوں پر دیدہ زیب تعارفی بورڈز نے میٹ مارکیٹ کو جدید دنیا کا بازار بنا دیا ہے۔ مارکیٹ میں شہریوں کیلئے پارکنگ ایریا مختص ہے۔کوریڈور اور اطراف میں پیدل آمد ورفت کو سہل بنا دیا گیا ہے۔ سینئر صوبائی وزیر نے مارکیٹ سے منسلک کچی آبادی متبادل جگہ پر منتقل کرنے کی ہدایت کی۔ لاہور میں عالمی معیار کی فش مارکیٹ کو منصوبے میں شامل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے اس حوالے سے مریم اورنگزیب نے دو دن میں جامع پلان پیش کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

جدیدذبح خانہ بھی قائم کر دیا گیا ہے اور معیار کو یقینی بنانے کا نیا نظام لاگو کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مارکیٹ سے پرندے فوری منتقل کرنے اور وائلڈ لائف کے تحفظ کیلئے ایس او پیز بنانے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز نے چھ ماہ پہلے نوٹس لیا تھا اور آج عالمی معیار کی میٹ مارکیٹ کا وعدہ پورا کر دکھایا ہے،پہلی بار عالمی معیار لاگو کیا گیا ہے۔شہری اب صاف ستھرا اور حفظان صحت کے مطابق گوشت اور دیگر اشیا خرید سکیں گے،۔انہوں نے کہا کہ بھرپور تعاون پر دکانداروں اور ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ دکانوں اور فروخت ہونے والی اشیا کی نگرانی کا بھی نظام قائم کردیا ہے اور عالمی معیار کی پہلی مچھلی مارکیٹ بھی بن رہی ہے،

یہی ماڈل پورے پنجاب میں لاگو کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا پہلا پراجیکٹ ہے۔اس موقع پر سیکرٹری وائلڈ لائف اینڈ فاریسٹ مدثر ریاض، ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق، ڈی جی فور اتھارٹی عاصم اقبال، ڈی سی لاہور سید موسی رضا، سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین، ایم ڈی واسا غفران احمد اور چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید موجود تھے۔