کوئٹہ۔ 20 مارچ (اے پی پی):رمضان المبارک میں عوام تک صاف ستھری و خالص اشیاءخوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے اور کھانے پینے کے مراکز میں صفائی کے انتظامات کی چیکنگ کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی (بی ایف اے ) کی صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں کارروائیاں جاری ہیں۔
اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے کی خصوصی ہدایات پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مستونگ شہر کے مختلف مضافات اور ضلع ژوب میں ملاوٹی دودھ اور زائد المعیاد خوردنی مصنوعات کی فروخت سمیت مختلف وجوہات 15 مراکز پر جرمانے عائد کردئیے۔
ترجمان بی ایف اے کے مطابق مستونگ بازار میں زائد المعیاد اشیاءکی فروخت اور لائسنس کی عدم دستیابی پر 7 مراکز مالکان کو جرمانہ کیا گیا، اسی طرح دودھ اور اشیاءتلنے کیلئے زیر استعمال کوکنگ آئل کی جانچ کیلئے بی ایف اے کی خصوصی موبائل ٹیسٹنگ لیب نے چیکنگ کرتے ہوئے دودھ میں ملاوٹ پر 3 ملک شاپس جبکہ خراب کوکنگ آئل میں اشیاءکی تیاری پر 4 پکوڑا سموسہ کی دکانوں پر جرمانے عائد کیے، پکوڑا شاپس سے پرانا و ناقابلِ استعمال کوکنگ ضبط کرکے موقع پر تلف اور دکانداروں کو اشیاءتلنے کیلئے معیاری و تازہ خوردنی تیل استعمال کرنے کی تنبیہ کی گئی۔
جرمانہ کیے گئے 3 جنرل اسٹورز سے ایکسپائرڈ مصنوعات کی بڑی مقدار برآمد، زائد المعیاد اشیاءمیں کولڈرنکس، مصالحے، جوس، بسکٹ وغیرہ اور ممنوعہ گٹکاپان پراگ و چائنیز نمک شامل تھے۔ علاوہ ازیں بی ایف اے زونل ٹیم نے حریفال آباد (ڈی آئی خان روڈ ژوب) میں معائنہ کے دوران 1 جنرل اسٹور سے مختلف زائد المعیاد مصنوعات برآمد کیں جنہیں ضبط کرکے موقع پر تلف کردیا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی محمد نعیم بازئی کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ کاروائیوں کا مقصد رمضان المبارک میں ناقص و جعلی خوراک کے خریدوفروخت کا تدارک اور لوگوں کو صحت بخش خوردنی اشیاءکی فراہمی ہے، رمضان المبارک کے دوران عوام کو معیاری و ملاوٹ سے پاک اشیاءخوردونوش کی فراہمی کیلئے بی ایف اے کی انسپیکشن ٹیمیں مسلسل متحرک رہیں گی۔
اس مقصد کیلئے اتھارٹی نے خصوصی منصوبہ بندی کی ہے، ماہ مبارک میں انسپیکشن کے نظام کو مزید سخت کرتے ہوئے خصوصی آپریشن ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں تاکہ سحروافطار پوائنٹس پر تیار ہونیوالی خوراک کی مسلسل نگرانی کے لیے سرپرائیز چیکنگ کی جاسکے۔