
راولپنڈی 27اگست(اے پی پی )وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان نے کہاہے کہ ہم صحابہ کرام اور اہل بیت کے ماننے والے ہیں اور صحابہ کی عظمت و توقیر ہمارا ایمان ہے،ہمارا دین اسلام امن و سلامتی ،بھائی چارے،محبت ویگانگت کا دین ہے،محرم الحرام ہمیں صبرو برداشت اور حق بات پر ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے،اس مقدس ماہ کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے اس دن کو عقیدت و احترام کے ساتھ منانا چاہئے۔ محرم الحرام کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں وفاقی وزیر نے کہاکہ حضرت امام حسین اور اہل بیت کی قربانیاں تاریخ اسلام کا لازوال حصہ ہیں، انہوں نے ہمیں ظلم اور جہل عناصر کے سامنے ڈٹ جانے کا درس دیا، محرم الحرام ہمیں اسلام کی خاطر دی گئیں قربانیوں کی یاد دلاتاہے۔اس ماہ کی نسبت سے حضور اکرم خاتم النبین کے بتائے ہوئے اصولوں اور ان کی سنت کے مطابق زندگی گزارنے کے لئے کوشش کرنی چاہئے اسی سے دنیا اور آخرت میں ہم سب کی بھلائی ہے۔