صحافت اور سیاست کا چولی دامن کا ساتھ ہے، جمہوریت میں اختلاف رائے معمول کا حصہ ہے، مرتضیٰ سولنگی

117
پیمرا رولز کے تحت لائسنس یافتہ ٹی وی چینلز چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں بیورو آفسز قائم کرنے کے پابند ہیں، مرتضی سولنگی

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ صحافت اور سیاست کا چولی دامن کا ساتھ ہے

جمہوریت میں اختلاف رائے معمول کی بات ہے، میں خود صحافی برادری سے ہوں، ہمیشہ آزادی اظہار رائے کا حامی رہا ہوں اور اب بھی اس پر کاربند ہوں۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو یہاں پارلیمنٹ ہائوس کے پریس لائونج میں پی آر اے کے صدر عثمان خان اور دیگر صحافیوں سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر پی آئی او طارق خان بھی موجود تھے۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تمام صحافیوں کے ساتھ ہمیشہ عزت و احترام والا رشتہ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض اوقات تلخ باتیں بھی ہو جاتی ہیں لیکن یہ جمہوریت کا حصہ ہیں، ہم نے گزشتہ روز ایک پریس ریلیز بھی جاری کی تھی جو نگران حکومت کی ترجمانی کرتی ہے۔